پاکستان میں جاری سیریز کے دوران اس وقت غیر یقینی کی فضا پیدا ہوئی جب اطلاعات سامنے آئیں کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم نے حالیہ سیکیورٹی خدشات کے باعث ابتدائی طور پر وطن واپسی پر غور کیا ہے۔ تاہم بعدازاں ٹیم مینجمنٹ اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔

واضح رہے کہ چند کھلاڑیوں نے مخصوص واقعات کے بعد سیکیورٹی سے متعلق اپنے خدشات ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ شیئر کیے تھے، جس کے نتیجے میں ٹیم کے اندر وقتی بے چینی ضرور پیدا ہوئی مگر جیسے ہی پاکستانی حکام اور سری لنکن بورڈ کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے ہوئے، صورتحال میں واضح بہتری آئی۔

مزید پڑھیں: دہشتگردوں کو شکست، سری لنکن ٹیم پاکستان میں سیریز جاری رکھنے پر راضی

اس دوران مختلف حلقوں میں یہ سوال اٹھا کہ آیا سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے وطن واپسی کے عندیے کے پیچھے کوئی بیرونی اثر یا سازش کارفرما تو نہیں۔ کئی ماہرین کے مطابق یہ ممکنہ طور پر بھارت کی جانب سے ایک سوچی سمجھی چال تھی، جس کا مقصد سیریز کو سبوتاژ کرنا تھا۔

معروف اسپورٹس تجزیہ کار سکندر بخت نے دعویٰ کیا کہ سری لنکا کے دورۂ پاکستان کو ناکام بنانے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ ان کے مطابق، بھارت ہمیشہ سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے خلاف رہا ہے۔

اسپورٹس جرنلسٹ عبدالماجد بھٹی نے وی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سری لنکن ٹیم کے ابتدائی فیصلے کے پس منظر میں بھارتی اثر موجود تھا، کیونکہ جن کھلاڑیوں نے وطن واپسی کا عندیہ دیا، ان کے روابط انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے نہایت حکمت اور تحمل سے صورتحال کو سنبھالا، جبکہ سری لنکن بورڈ نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ پاکستان انہیں اسٹیٹ لیول سیکیورٹی فراہم کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ’فرینڈشپ ناٹ آؤٹ‘، دہشتگردی ناکام، سری لنکن ٹیم کا سیریز جاری رکھنے پر کھلاڑیوں اور سیاستدانوں کے لیے خاص پیغامات

عبدالماجد بھٹی کے مطابق اگر سری لنکن کھلاڑی واپس چلے جاتے تو پاکستان کرکٹ کو بڑا نقصان پہنچ سکتا تھا، خصوصاً ایسے وقت میں جب آسٹریلوی ٹیم کی پاکستان آمد متوقع ہے۔ انہوں نے شائقین سے اپیل کی کہ اب جب تمام میچز راولپنڈی منتقل کردیے گئے ہیں تو پنڈی کے کرکٹ فینز اسٹیڈیم بھر کر سری لنکن ٹیم کے احترام میں ان کے جھنڈے لائیں، تاکہ دنیا کو یہ پیغام ملے کہ پاکستان ایک پُرامن اور کرکٹ سے محبت کرنے والا ملک ہے۔

سینیئر اسپورٹس جرنلسٹ فیضان لاکھانی نے بتایا کہ اگرچہ چند کھلاڑیوں نے سیکیورٹی خدشات کے باعث واپس جانے کی خواہش ظاہر کی تھی، لیکن یہ فیصلہ ٹیم کا مجموعی مؤقف نہیں تھا بلکہ چند انفرادی تحفظات تھے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ اور پاکستانی حکام کے درمیان مسلسل رابطے ہوئے، جن میں اطمینان بخش یقین دہانیاں فراہم کی گئیں۔ انہی کوششوں کے نتیجے میں کھلاڑیوں کے زیادہ تر خدشات دور ہوگئے اور سیریز حسبِ پروگرام جاری رہی۔

فیضان لاکھانی نے مزید کہا کہ جب نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ایک مبینہ دھمکی کے بعد دورہ منسوخ کیا تھا، تو اس واقعے نے بین الاقوامی کھلاڑیوں کے اعتماد پر اثر ڈالا۔ لہٰذا کسی بھی سیکیورٹی واقعے کے دوران کھلاڑیوں کا محتاط رویہ فطری ہے۔ تاہم اس امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جاسکتا کہ اس معاملے میں کسی بیرونی عنصر یا سازش کا کردار ہو۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے 2 میچز کا شیڈول تبدیل

خارجہ امور پر گہری نظر رکھنے والے صحافی و تجزیہ کار متین حیدر نے کہا کہ اگرچہ سری لنکن ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کے واپس جانے کی خبریں گردش کررہی تھیں، لیکن سرکاری سطح پر اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی سازش کے امکان کو قطعی طور پر رد نہیں کیا جاسکتا۔ 2009 کے لاہور حملے کے وقت ایسے ہی الزامات سامنے آئے تھے، تاہم اب اسلام آباد میں حالیہ دھماکے کے بعد سیکیورٹی اداروں کو مزید متحرک ہوکر ٹیموں اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے، کیونکہ پاکستان کا دشمن صرف بھارت نہیں بلکہ افغانستان بھی بن چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

.

ذریعہ

ذریعہ: WE News

کلیدی لفظ: سری لنکن ٹیم کے کہ سری لنکن کہ پاکستان انہوں نے کہا کہ کے بعد

پڑھیں:

ایک ’’غدارِ وطن‘‘ کی سوانح عمری

مجھے خوب یاد ہے کہ راقم نے سب سے پہلے اُن کی تحریر امریکا کے مشہور جریدے ’’نیویارکر‘‘ میں پڑھی تھی۔اِس تحریر کی معرفت میرا اُن سے پہلا تعارف ہُوا۔ یوں میں اُن کی تحریروں کا گرویدہ ہوتا چلا گیا ۔ وہ ہمیشہ مفصل لکھتی ہیں اور اپنا نکتہ نظر کھل کر اور بے دھڑک بیان کرتی ہیں ۔ اُنھی ایام میں گجرات میں ہندو دہشت گردوں اور بدمعاشوں نے دل کھول کر مسلمانوں کے خون کی ہولی کھیلی تھی ۔

اِسی خونریزی میں مشہور گجراتی مسلمان سیاستدان و رکن پارلیمنٹ (احسان جعفری) کا خون بھی کر دیا گیا تھا۔اِسی نسل کشی اور مسلمانوں کی بے دریغ خونریزی پر مذکورہ مصنفہ نے ایسا انکشاف خیز آرٹیکل لکھا تھا کہ بھارتی حکومت اور گجرات کی ریاستی سرکار( جس کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی تھے) تھرّا اُٹھے تھے۔ راقم اُن دنوں امریکا میں مقیم تھا اور وہاں سے بھارتی جرائد و اخبارات حاصل کرنا سہل تھا ۔ نیویارک کے معروف علاقے ’’ جیکسن ہائٹس‘‘ میں ایک ہندو کی خاصی بڑی دکان تھی ۔ وہیں سے مَیں بھارتی جریدے خریدا کرتا تھا ۔ مثال کے طور پر: انڈیا ٹوڈے،آؤٹ لک ، فرنٹ لائن وغیرہ ۔اِن تینوں جرائد میں میری پسندیدہ لکھاری کی تحریریں باقاعدہ اور بکثرت شائع ہوتی تھیں ۔

میری اِس محبوب لکھاری کی تحریروں نے مجھے اتنا مسمرائز کررکھا تھا کہ اُن کا عالمی شہرت یافتہ پہلا ناول The God of Small Thingsسامنے آیا تو پہلی ہی فرصت میں نیویارک کی سب سے بڑی کتابوں کی دکان Barnes and Nobleسے خریدا اور ٹرین میں آتے جاتے اِسے پڑھا ۔ ’’دی گاڈ آف اسمال تھنگز‘‘ ناول کی کہانی بھارتی صوبے ، کیرالہ، سے شروع ہوتی ہے ۔

اِس کہانی میں کیرالہ کے ایک قصبے میں رہائش پذیر ایک غریب خاندان کی دل شکستہ داستان بیان کی گئی ہے ۔ ناول میں کیرالہ کے ذات پات کے بندھنوں میں جکڑے خاندانوں اور اُن کی المناک کہانیوں کو الفاظ کی شکل میں فلم بنا کر دکھایا گیا ہے۔یہ ناول اشکبار اور افسردہ کر دینے والا ہے ۔ ناولسٹ کو اِس کی بے پناہ مقبولیت کی بِنا پر معروفِ عالم ادبی انعام ’’ بکر پرائز‘‘ سے بھی نوازا گیا ۔ یوں ناول نگار کو عالمی شہرت بھی مل گئی ۔

میری اِس محبوب بھارتی رائٹر کا نام ارُن دھتی رائے ہے ۔ اُن کی کئی عالمی شہرت یافتہ تحریروں کو اُردو میں ترجمہ کرکے کراچی کے سہ ماہی جریدے ’’آج‘‘ کے ذہین و فطین مدیر،اجمل کمال، شائع کر چکے ہیں ۔ واقعہ یہ ہے کہ اجمل کمال صاحب اپنے نام کی مانند باکمال مترجم بھی ہیں ۔ ارُن دھتی رائے کی شخصیت اور تحریریں خاصی سرکش ، مزاحمتی اور ریاست مخالف ہوتی ہیں۔

ہر بھارتی حکومت اِسی لیے انھیں ناپسندیدہ قرار دیتی ہے ۔ دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے کئی معروف بھارتی سیاستدان ( از قسم بی جے پی) متعدد بار ارُن دھتی رائے کو ’’غدارِ وطن‘‘ قرار دے چکے ہیں ۔ لیکن یہ درویش صفت خاتون دانشور اور مصنفہ ہر قسم کی سرکاری و غیر سرکاری مخالفتوں کے باوصف اپنے طے شدہ موقف سے ہٹتی ہیں نہ کوئی مخالف انھیں ہٹا سکا ہے ۔ ارُن دھتی رائے کی تحریروں میں جس طرح مظلوم بھارتی مسلمانوں اور زیر استبداد مقبوضہ کشمیریوں کی غیر مبہم حمائت کی جاتی ہے، اِن کی بنیاد پر اُن کے خلاف غداری کے کئی مقدمات بھی دائر ہو چکے ہیں ۔ مگر یہ سرکش مصنفہ کسی کے غچے اور غرّے میں آنے والی نہیں ہیں ۔

بھارتی مسلمانوں اور مظلوم کشمیریوں کے حقوق کی پاسداری کا اِس محترم و عظیم خاتون نے جس عزیمت سے پرچم اُٹھا رکھا ہے، ہم پاکستانیوں کو شائد اِس لیے بھی ارُن دھتی رائے پسند ہیں ۔ بھارت میں خبثِ باطن کے حامل کئی افراد نے انھیں ’’پاکستان کی ایجنٹ‘‘ بھی قرار دے رکھا ہے ۔ حیرت ہے کہ ماضی قریب میں پاکستان کی بھی ایک ’’ارُن دھتی رائے‘‘ ہُوا کرتی تھیں : وہ باقاعدہ لکھاری تو نہیں تھیں مگر ایک معروف وکیل اور انسانی حقوق کی محافظ ہونے کے ناتے وہ ہر مستبد پاکستانی حکمران کی سخت ناقد رہا کرتی تھیں ۔ اُن کے ہر بیان اور اقدام کی اساس پر اُن کے نظریاتی و سیاسی و سماجی مخالفین انھیں ’’بھارت کی ایجنٹ‘‘ کے لقب سے یاد بھی کرتے تھے ۔

اگست2002کے سلگتے ایام میں ارُن دھتی رائے پاکستان تشریف لائیں تو ہم نے انھیں حیرت انگیز نظروں سے لاہور کے ایک پنج ستارہ ہوٹل میں خطاب کرتے دیکھا اور سُنا ۔ اُن کی سادہ شخصیت اور نہایت سادہ لباس اور بھی دَم بخود کر دینے والا تھا ۔ ایک نئی نئی سیاسی جماعت بنانے والے پاکستانی سیاستدان ( جو اَب مرحوم ہو چکے ہیں) اور ایک معروف صحافی (جو اَب مشہور ٹی وی اینکر ہیں) کی دعوتِ خاص پر ارُن دھتی رائے پاکستان آئی تھیں ۔ اور اب اِنہی ارُن دھتی رائے کی نئی کتابMother Mary Comes to Me شائع ہو کر سامنے آئی ہے تو ہم نے اِسے شوق، تجسس اور مسرت سے دیکھا اور پڑھا ہے ۔

اس کتاب میں مصنفہ کی سچائی ، سچ سے محبت، سماجی روایات سے بغاوت اور سرکشی اپنے عروج پر ہے ۔ جس نے بھی اِس کتاب کو پڑھا ہے،سناٹے میں آ گیا ہے کہ آیا کوئی مصنفہ بیٹی ہونے کے ناتے اپنے خاندان اور خاص طور پر اپنی والدہ بارے اتنے کڑوے سچ بھی بول اور لکھ سکتی ہے؟

یہ تازہ کتاب(Mother Mary Comes to Me) ارُن دھتی رائے نے دراصل اپنی آنجہانی والدہ (Mary) بارے لکھی ہے ۔ یہ درحقیقت والدہ بارے تلخ یادداشتیں اور سوانح ہیں ، مگر بین السطور یہ ارُن دھتی رائے کی سوانح حیات بھی ہے ۔ مصنفہ کے سیاسی و سماجی بھارتی ناقدین(خصوصی طور پر دائیں بازو کے بھارتی سیاستدان)کا کہنا ہے کہ ’’جو رائٹراپنی والدہ بارے یہ سخت الفاظ لکھ سکتی ہے ، اُس کے لیے غداری کا لفظ بھی کم ہے ۔‘‘زیر نظر کتاب میں مصنفہ نے اپنی والدہ کے ساتھ پیچیدہ ، ،مشکل اور جذباتی تعلقات کی داستان بیان کی ہے۔ ارُن دھتی رائے کے بچپن اور والدہ سے تعلقات کی یادداشتوں اور مضبوط حافظے کی داد دینا پڑتی ہے ۔ اُن کی والدہ ایک سخت گیر اور ڈسپلن کی پابند ماہر تعلیم تھیں ۔

اُنھوں نے کیرالہ میں جدید اسکول کی بنیاد رکھی جو بعد ازاں بڑی شہرت کا حامل بنا ۔ Maryاِس اسکول کی ہیڈ مسٹرس بھی رہیں ۔ وہ ایک آزاد روش کی حامل ، باغی اور انقلابی ذہن کی حامل استاد اور سوشل ایکٹوسٹ بھی تھیں ۔ اُنھوں نے بھارتی سپریم کورٹ میں شامی مسیحی بچیوں کا مقدمہ بہادری سے جیتا اور تاریخ رقم کر گئیں ۔ سماج سے بغاوت اور آزادی سے جینے اور لکھنے کی خواہش کے عناصر ارُن دھتی رائے کو اپنی والدہ سے وراثت میں ملے ۔ حکومت ، سیاست اور سماج مخالف آزادانہ تحریروں کے باعث انھیں ’’اینٹی انڈیا‘‘ بھی کہا گیا ۔ بھارت سرکار کی جانب سے ایک بڑا ڈیم ( نرمدا ویلی ڈیم پراجیکٹ) بنانے کے چکر میں لاکھوں کی مقامی آبادی کو جس وحشت سے اکھیڑا گیا، اُرن دھتی رائے نے بھارت بھر میں اِن غریبوں کا مقدمہ لڑا اور بالآخر اُن کے حقوق دلوا ہی دیئے ۔

ارُن دھتی رائے نے جرأتمندی سے طاقتوروں سے سوال پوچھنے اور اُن کے سامنے ڈَٹ جانے کا سلیقہ اپنی والدہ سے سیکھا ۔ شائد اِسی بِنا پر مصنفہ نے اپنی اِس کتاب میں اپنی والدہ کو اپنی Gangster، Shelterاور My Stormبھی قرار دیا ہے ۔ اگر زیر نظر کتاب کے خلاصے کو دو چار الفاظ میں کوزے میں بند کیا جائے تو کہا جائے گا کہ ارُن دھتی رائے کے قلم سے یہUncompromising Memoirsکی بازگشت ہے ۔ اُنھوں نے اپنی ڈسپلن پسند والدہ بارے لکھا ہے کہ وہ اپنے دونوں بچوں سے سفاکی کی حد تک منظم زندگی ، مگر آزادانہ زندگی گزارنے کی طلبگار تھیں ۔

وہ لکھتی ہیں :’’ اور جب میری تحریروں کے باعث مجھے بھارت اور بھارت سے باہر شہرت ملنے لگی تو میری والدہ مجھ سے حسد کرنے لگی تھیں َ‘‘۔ارُن دھتی رائے بھارت اور دُنیا بھر میں اقلیتوں کے حقوق کی جس طرح علمبردار ہیں، اِسی طرح وہ دُنیا کے کسی بھی ملک کو جوہری ہتھیار رکھنے کی حامی نہیں ہیں ۔اُن کے یہ الفاظ اُن کی آزاد منش طبیعت اور باغیانہ روش کے مظہر کہے جاتے ہیں:’’ مجھے کہنے ، لکھنے اور بولنے کی مطلق آزادی چاہیے ۔ اِس کے لیے مجھے کسی خاص ملک کے قومی پرچم کی چھاؤں کی ضرورت نہیں ہے ۔ کسی بھی ملک کا قومی پرچم دراصل کپڑے کو وہ ٹکڑا ہے جو انسانوں کے دماغوں کو محدود بھی کرتا ہے اور اِنہیں سکیڑ کر رکھ دیتا ہے ۔‘‘

متعلقہ مضامین

  • ایک ’’غدارِ وطن‘‘ کی سوانح عمری
  • نرس نے نومولود بچی کے ہاتھ کا انگوٹھا کاٹ دیا، والد نے پولیس میں درخواست دے دی
  • پاکستان کا موقف اور خطے میں امن کا تقاضا
  • پٹرولیم قیمتوں کے روزانہ تعین پر سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع
  • نیشنل اسپیشل گیمز: کراچی میں  فٹبال ٹورنامنٹ کے بعد اختتامی تقریب کا انعقاد
  • وزیر اعظم شہباز شریف سے چینی کاروباری وفد کی ملاقات، بزنس ٹو بزنس شراکت داری سے پاک چین دوستی مزید مستحکم ہو گی ، وزیر اعظم
  • پی سی بی نے 27 -2026 کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا اعلان کردیا، ورلڈ کپ تیاریوں پر توجہ مرکوز
  • حملہ ہوا تو خلیج میں امریکہ سے منسلک پلوں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنائیں گے، ایران
  • ایک ملک نے پاکستانیوں کیلیے ویزہ فیس ختم کردی
  • پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئے فعال سفارتی کردار جاری رکھے ہوئے ہے، اسحاق ڈار