علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ، ذرائع
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
پشاور:
تحریک انصاف کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے کر صوبائی وزیر کے پی سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خبریں سامنے آنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے پی حکومت کے وزیر تعلیم سہیل آفریدی نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، یہ تمام افواہیں پارٹی کو تقسیم کرنے کی سازش ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلا کر پارٹی کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم اس کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ایسی سازشوں کا مقصد داخلی انتشار پیدا کرنا ہے، ہم ہر قسم کے حالات میں متحد رہیں گے، علی امین گنڈاپور ہی ہمارے وزیراعلیٰ ہیں، ان کے خلاف پھیلائی جانے والی افواہیں قطعی طور پر بے بنیاد ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی کو تقسیم کرنے والی ہر کوشش کا ڈٹ کر اور موثر جواب دیا جائے گا، ہم ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے، سچائی اور تنظیمی یکجہتی کے دفاع کے لیے ہم ہر فورم پر اپنا موقف واضح کریں گے، انتشار پھیلانے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اسی ضمن میں وزیر تعلیم کے پی سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو ہٹانے اور ان کی جگہ مجھے نیا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کی خبریں مکمل طور پر جھوٹی اور من گھڑت ہیں، مجھ سے منسوب تمام خبریں حقائق کے منافی ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی سطح پر وزیراعلیٰ کی تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، ہم علی امین گنڈاپور اور عمران خان کے اعتماد یافتہ اور وفادار ساتھی ہیں اور رہیں گے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: علی امین گنڈاپور بیرسٹر گوہر نے کہا
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔