قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، راولپنڈی پولیس
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
راولپنڈی:
چیف پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ڈویژنل ایس پیز، ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی۔
اجلاس میں شہر کی مجموعی سیکیورٹی اور سیاسی حالات کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
سی پی او نے افسران کو ہدایت کی کہ کسی بھی صورت میں کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بندش، ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ یا شہری معمولات میں خلل ہرگز برداشت نہیں ہوگا۔
سی پی او کا کہنا تھا کہ احتجاج کی آڑ میں پرتشدد سرگرمیوں کی کوئی گنجائش نہیں، سختی سے نمٹا جائے گا۔
امن و امان کو نقصان پہنچانے یا قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی پولیس ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور چوکس ہے۔
شہریوں کی جان و مال، املاک اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سی پی او خالد ہمدانی نے افسران کو ہدایت دی کہ تمام تر سیکیورٹی اقدامات کو عملی شکل دی جائے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے درجنوں مقدمات میں مطلوب ملزم کا عبرتناک انجام
راولپنڈی:بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے درجنوں مقدمات میں مطلوب ملزم اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ گیا۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ امرال کے علاقے میں پولیس مقابلہ ہوا، جس میں فائرنگ کے دوران ایک ملزم ہلاک اور 2 فرار ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت محمد عباس کے نام سے ہوئی، جس سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
مقابلے میں ہلاک ملزم معصوم بچی کے اغوا کے مقدمے میں رتہ امرال پولیس کو مطلوب تھا۔ اس کے علاوہ ملزم راولپنڈی اور لاہور میں بچوں و بچیوں کے اغوا اور زیادتی کے مقدمات میں بھی ریکارڈ یافتہ تھا، جس کے خلاف بچوں سے زیادتی کے درجنوں غیر رپورٹ شدہ واقعات کی بھی اطلاعات تھیں۔
پولیس کے مطابق ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا گیا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی اور اس دوران ایک گولی محمد اویس سب انسپکٹر کو بھی لگی جو بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہے جب کہ جوابی فائرنگ میں زخمی ہونے والے ملزم کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔
مقابلے کی اطلاع ملنے پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچے جب کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔