سندھ بلڈنگ، صدر ٹاؤن میں بلند عمارتوں کا غیرقانونی کاروبار!
اشاعت کی تاریخ: 16th, October 2025 GMT
صدر ولنگٹن اسٹریٹ پر ٹھیکے داروں کا بے لاگ ڈیرہ، شہریوں کی سانسیں تنگ
بے ہنگم تعمیرات نے شہر کے نقشے کو مسخ کر دیا،متعلقہ حکام کی چشم پوشی برقرار
شہر کے پرانے اور خوبصورت علاقے صدر ٹاؤن میں انسانی بستیوں کو جنگل میں تبدیل کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ،جہاں بلڈنگ ضوابط کو بالائے طاق رکھ کر بلند و بالا عمارتیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔اطلاعات کے مطابق یہ سب انتظامیہ کے ڈائریکٹر ساؤتھ راشد ناریجو اور ڈائریکٹر ڈیمالیشن کی ملی بھگت سے ممکن ہو رہا ہے ،حکام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر ماہانہ خطیر رقوم کی بندر بانٹ کے بعد ہر قسم کی تعمیر کی چھوٹ دی جارہی ہے ۔جرأت سروے کے دوران حاصل کی جانے والی زیر نظر تصاویر صدر کی مشہور ولنگٹن اسٹریٹ پر دندناتی عمارتیں انتظامیہ کی کارکردگی پر کئی سوالات اٹھا رہی ہیں ۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ بے ہنگم تعمیرات نہ صرف شہر کے قدرتی حسن کے لیے زہر قاتل ہیں، بلکہ ان سے بنیادی سہولیات جیسے پانی، گیس اور بجلی کی سپلائی پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ گلیاں تنگ ہونے سے ٹریفک کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور آگ لگنے کی صورت میں بچاؤ کارروائیوں کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرنے والے ایک سینئر محکمہ ٹاؤن پلاننگ کے اہلکار کا کہنا ہے کہ ’’ضابطے تو موجود ہیں،مگر ان پر عملدرآمد کروانے والا کوئی نہیں۔طاقتور مافیا نے پیسے کے بل بوتے پر پورا نظام ہائی جیک کر رکھا ہے ۔شہری حکام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ صدر ٹاؤن میں ہونے والی غیرقانونی تعمیرات کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت اقدامات اٹھائیں، ورنہ یہ خوبصورت علاقہ ایک تاریک اور گھٹن زدہ سرنگ میں تبدیل ہو جائے گا۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
غیرقانونی کرنسی کا دھندہ , کراچی میں کارروائی,مرکزی ملزم گرفتار
کراچی:وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے کارروائی میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نےکارروائی کے دوران غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا. ملزم غلام مصطفی کو کراچی کے علاقے فورم مال سے گرفتار کیا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہے. ملزم کے قبضے سے 31 ہزار 100 سعودی ریال، 17000 امریکی ڈالر برآمد ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہے.گرفتار ملزم سے موبائل فونز، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا. ملزم کے خلاف تفتیش شروع کر دی گئی اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔