لاہور:

فضائی آلودگی کے بڑھتے ہوئے بحران نے ایک بار پھر لاہور کو دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے اور عالمی ماحولیاتی نگرانی کے ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق اتوار کو لاہور کا فضائی معیار خطرناک حد تک خراب رہا جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 218 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کا سب سے آلودہ شہر رہا۔

ادارہ تحفظِ ماحولیات پنجاب (ای پی اے) کے مطابق مشرقی سمت سے آنے والی ہواؤں نے شہر میں آلودگی کی شدت میں اضافہ کیا ہے، دن بھر لاہور میں فضائی معیار کی اوسط شرح 195 سے 210 کے درمیان رہی، جو عالمی معیارات کے مطابق “انتہائی خراب” زمرے میں آتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں دیوالی کی تقریبات کے دوران آتش بازی کے سبب سرحدی علاقوں میں آلودگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضا کی کیفیت تشویشناک رہی اور دی اربن یونٹ کے مانیٹرنگ نیٹ ورک کے مطابق اتوار کی شام فیصل آباد 247 اے کیو آئی کے ساتھ سب سے زیادہ آلودہ شہر رہا، قصور 241، لاہور 215، گوجرانوالہ 213 اور ملتان 201 اے کیو آئی پر ریکارڈ کیے گئے۔

ماحولیاتی ماہرین نے بتایا کہ سرد موسم کے آغاز، ہوا کے کم بہاؤ اور بھارتی سرحد سے آلودہ ذرات کی آمد کے باعث لاہور اور اس کے گردونواح میں فضائی معیار تیزی سے خراب ہو رہا ہے۔

ان کے مطابق بھارت میں دیوالی کی تقریبات شروع ہونے جارہی ہیں جس میں آتش بازی کی جاتی ہے اس وجہ سے بھی آئندہ دو سے تین دنوں میں آلودگی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

فضائی آلودگی کی اس سنگین صورت حال کے پیشِ نظر حکومت پنجاب نے لاہور میں انسداد اسموگ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ماحولیاتی تحفظ فورس، پولیس، واسا اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، بغیر ترپال تعمیراتی سامان لانے والے ٹرکوں اور غیر قانونی بھٹوں کے خلاف کارروائی میں مصروف ہیں۔

شہر کے مختلف علاقوں میں رات کے وقت واٹر سپرنکلنگ آپریشن جاری ہے تاکہ تعمیراتی گردوغبار کم کیا جا سکے جبکہ کسانوں کو فصلوں کی باقیات نہ جلانے کی ترغیب دی جا رہی ہے، صوبے بھر میں 91 بیلر اور 814 کبوٹا مشینوں کے ذریعے لاکھوں ایکڑ اراضی سے فصلوں کی باقیات کو چارے کی شکل میں جمع کیا جا رہا ہے۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق اسموگ کے خلاف یہ مربوط آپریشن، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور عوامی تعاون کے نتیجے میں لاہور کے فضائی معیار میں بتدریج بہتری لانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈرون نگرانی، اسموگ گنز اور ایئرکوالٹی فورکاسٹنگ جیسے اقدامات نے پہلی بار آلودگی کے خلاف کارروائی کو مؤثر اور بروقت بنایا ہے۔

Tagsپاکستان.

ذریعہ: Al Qamar Online

کلیدی لفظ: پاکستان فضائی معیار کے مطابق

پڑھیں:

دیوالی پر آلودگی کا خطرہ، پنجاب حکومت کا سموگ کنٹرول کے لیے ہنگامی پلان فعال

لاہور:

دیوالی کے موقع پر فضا میں شدید آلودگی کے خدشے کے پیش نظر پنجاب حکومت نے سموگ سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔

سرحد پار بھارت کے شہروں امرتسر، لدھیانہ اور ہریانہ سے آنے والی آلودہ ہوائیں لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان اور دیگر شہروں کی فضا کو متاثر کریں گی۔

پنجاب سموگ مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) آج 210 سے 230 کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں فضا انتہائی آلودہ ہوگی۔

ہوا کی کم رفتار (1 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ) اور بارش نہ ہونے کے باعث آلودہ ذرات فضا میں معلق رہیں گے۔

حکومت نے رات سے ٹھوکر اور دیگر ہاٹ سپاٹس پر اینٹی سموگ گنز کا آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ فجر سے پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بھی جاری رہے گا۔  

واسا، ایل ڈی اے اور ضلعی و میونسپل اداروں کو کوڑا کرکٹ اور فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے، سڑکوں کی صفائی اور تعمیراتی مقامات کو ڈھانپنے کی سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ٹریفک کے دھوئیں، دیوالی کی سرگرمیوں اور کوڑا جلانے سے فضائی آلودگی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ دوپہر 1 سے 5 بجے تک معمولی بہتری کی امید کی جا رہی ہے، تاہم شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب سموگ مانیٹرنگ سینٹر کی جانب سے جاری حفاظتی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شہری ماسک کا استعمال کریں، جبکہ بچے، بزرگ اور سانس کے مریض غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام سے ماحولیاتی ایس او پیز پر عمل درآمد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ سے بچاؤ اور اس میں کمی کے لیے ہر شہری کا کردار اہم ہے، یہی بڑی تبدیلی اور کامیابی کی بنیاد بنے گا۔

ادھر نئی دہلی میں بھی اے کیو آئی 201 سے 300 کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں صبح کے وقت دھند اور ہلکی دھوپ جبکہ دوپہر میں ہلکی دھند کے ساتھ آسمان صاف رہنے کا امکان ہے۔

متعلقہ مضامین

  • بھارت میں دیوالی کا تہوار، پاکستان کے مشرقی شہروں کی فضا آلودہ ہونے لگی
  • لاہور کا فضائی معیار مضر صحت قرار، فیصل آباد بھی ملک کے آلودہ ترین شہروں میں شامل
  • اینٹی اسموگ آپریشن کے باوجود لاہور آلودہ ترین شہر، ’یہ پنجاب حکومت کر کیا رہی ہے؟‘
  • بھارت میں دیوالی پر سرحد پار آلودگی: لاہور اور قصور کی فضا خطرناک حد تک متاثر
  • دیوالی پر آلودگی کا خطرہ، پنجاب حکومت کا سموگ کنٹرول کے لیے ہنگامی پلان فعال
  • صوبائی حکومت کے اسموگ کے خلاف گرینڈ آپریشن کے باوجود لاہور دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار
  • دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور دوسرے نمبر پر آگیا
  • موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی لاہور اور کراچی کی فضا مضر صحت قرار، لاہور دنیا کے آلودہ شہروں میں پہلے اور کراچی چوتھے نمبرپر آگیا
  • لاہور میں اسموگ کی شدت برقرار، فضائی معیار خطرناک حد کے قریب پہنچ گیا