پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف
اشاعت کی تاریخ: 24th, October 2025 GMT
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جس سے ملک میں علاقائی رابطوں اور معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
اسلام آباد میں منعقدہ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا خطہ تاریخی طور پر بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا اہم مرکز رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی طویل ساحلی پٹی اور کراچی بندرگاہ اس خطے کو میری ٹائم سلک روڈ کا لازمی حصہ بناتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس وقت عالمی سطح پر ٹرانسپورٹ اور روابط کے نظام میں ہونے والی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر میں سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ جدید تقاضوں کے مطابق ترقی کی رفتار تیز کی جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان،ایران اورترکیہ کے ساتھ مل کراسلام آباد-تہران-استنبول ریلوے کوریڈور اور ٹرانس افغان ریلوے منصوبے پر کام کر رہا ہے، جو خطے میں تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ علاقائی روابط میں اضافہ نہ صرف تجارت بلکہ سرمایہ کاری، روزگار اور عوامی خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرے گا، جس سے جنوبی اور وسطی ایشیا کے درمیان حقیقی معنوں میں ترقی اور تعاون کا نیا باب کھلے گا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ اجلاس آج
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی اقتصادی اور سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں افغانستان کے ساتھ حالیہ سیز فائر معاہدے کے بعد کی صورتحال پر بھی غور ہو گا۔
اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف افغانستان کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر بریفنگ دیں گے، اجلاس میں ای سی سی اور کابینہ کمیٹی قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔