وزیراعلیٰ کے پی اور پی ٹی آئی رہنماؤں کا عمران خان سے ملاقات کے بعد صوبائی کابینہ تشکیل دینے پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 25th, October 2025 GMT
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عمران خان سے ملاقات کے بعد صوبائی کابینہ تشکیل دینے پر اتفاق کرلیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنماؤں نے ملاقات کی جس میں بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، جنید اکبر، شہرام ترکئی اور عاطف خان سمیت دیگر موجود تھے۔ملاقات میں ہنگو میں شہید پولیس افسر اور جوانوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ملاقات میں صوبے میں دہشت گردی اور امن وامان کی صورتحال زیر غور آئی جبکہ صوبائی کابینہ کی تشکیل اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد کابینہ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا اورپی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی رائے کے بغیر کابینہ بنانے سے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، پارلیمانی پارٹی نے صوبائی بجٹ کی منظوری دی تھی لیکن بعد میں مسائل پیدا ہوئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے امن جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا جس میں سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈرز اور قبائلی عمائدین کوشرکت کی دعوت دی جائے گی جبکہ جرگے میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے گا۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہناتھاکہ وزیراعلیٰ سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات دو گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں صوبے میں دہشت گردی اور سیاسی صورتحال پرغور کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے مختلف آپشنز بھی زیر غور آئے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: بانی پی ٹی آئی
پڑھیں:
پاک-برطانیہ اسٹریٹجک ترقیاتی مذاکرات کو ادارہ جاتی شکل دینے پر اتفاق
اسلام آباد:پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اسٹریٹجک ترقیاتی مذاکرات کو سالانہ بنیادوں پر ادارہ جاتی شکل دینے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
ترجمان وزارت اقتصادی امور کے مطابق حکومت پاکستان اور برطانوی حکومت کے درمیان وزارتی سطح پر مذاکرات ہو رہے ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ 2017 کے بعد آج دوبارہ وزارتی سطح پر ترقیاتی مذاکرات ہوئے اور وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے برطانیہ کی دیرینہ معاونت، بالخصوص 2022 کے سیلاب کے دوران فراہم کی گئی امداد پر شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے اقتصادی استحکام، برآمدات پر مبنی ترقی، ادارہ جاتی اصلاحات اور موسمی تغیرات کے مطابق اہم شعبوں میں شراکت داری آگے بڑھانے پر برطانوی حکومت کو سراہا۔
ترجمان اقتصادی امور کے مطابق برطانیہ کی جانب سے برآمدات پر مبنی ترقی کے حوالے سے پاکستان کی مالیاتی اصلاحات اور مسابقت میں اضافے کے لیے جاری کوششوں کو سراہا گیا۔
مذاکرات کے اختتام پر اسٹریٹجک ترقیاتی مذاکرات کو سالانہ بنیادوں پر ادارہ جاتی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔
پاکستانی وفد کی سربراہی وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کر رہے ہیں، مذاکرات میں وزیرمملکت خزانہ بلال اظہر کیانی، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم، سیکریٹری داخلہ خرم آغا، سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی عائشہ حمیرہ، سیکریٹری پلاننگ اویس منظور اور ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ترجمان اقتصادی امور نے بتایا کہ برطانوی وفد کی قیادت وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی جینیفر چیپ مین نے کی۔