ایس آئی یو پولیس کی حراست میں نوجوان کی ہلاکت؛ تفتیش ایف آئی اے منتقل کرنے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 26th, October 2025 GMT
کراچی:
ایس آئی یو پولیس کی حراست میں نوجوان کی ہلاکت کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، تفتیش ایف آئی اے منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پولیس حکام نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایس آئی یو کے اضافی چارج سنبھالنے والے ایس ایس پی اے وی ایل سی امجد شیخ کے مطابق کیس کی تفتیش ساؤتھ پولیس سے ایف آئی اے منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ انکے مطابق منصفانہ تحقیقات کے لیے کیس ایف آئی اے کے سپرد کیا جائے گا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ملزم سمیت مقدمے کا مکمل ریکارڈ پیر کو ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے گا جس کے بعد پیر سے ایف آئی اے کیس کی تفتیش کرے گی۔
واضح رہے کہ عرفان نامی نوجوان کو بدھ کے روز حراست میں لیا گیا تھا اور آئی او کی جانب سے جمعرات کے روز 7 بجے کے قریب اہل خانہ کو عرفان کی موت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا۔
تاہم واقعے کے مقدمے اور تفتیش پر عرفان کے اہل خانہ کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔
ایس آئی یو پولیس کی حراست میں مبینہ تشدد سے نوجوان کی ہلاکت اور ورثا کی مدعیت میں مقدمہ درج نہ کرنے پر لواحقین نے گزشتہ روز سہراب گوٹھ کے قریب احتجاجی مظاہرہ کرکے دونوں ٹریک بند کر دیے تھے۔
ایس ایچ او ایس آئی یو نے اپنی مدعیت میں صدر تھانے میں واقعے میں غفلت و لاپروائی کا مظاہرہ کرنے پر آئی او سمیت دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل خطا کا مقدمہ درج کروا دیا۔
احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ ورثا کی مدعیت میں نوجوان عرفان کی ہلاکت پر قتل، اغوا اور دہشت گردی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔
ایس ایچ او ایس آئی یو کا کہنا تھا کہ ایس آئی یو پولیس نے ایک اے ایس آئی اور کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا جبکہ مقدمہ میں جو بھی نامزد ہیں انھیں گرفتار کیا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایس ا ئی یو پولیس کرنے کا فیصلہ ایف آئی اے کی ہلاکت کیا جائے
پڑھیں:
موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک دھند کے باعث بند کرنے کا فیصلہ
راولپنڈی:موٹر وے پولیس نے شدید دھند اور حد نگاہ صفر ہونے کی وجہ سے موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند کر دی ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے کی بندش عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق قومی شاہراہ پر دھند کا سلسلہ برقرار ہے جس سے حد نگاہ شدید متاثر ہے۔ موٹروے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے ڈرائیورز لین ڈسپلن کی سختی سے پابندی کریں۔
سفر کرنے والے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، کیونکہ دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔
ترجمان نے ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی ہے کہ فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ رہنمائی یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔