راولپنڈی؛ سانحہ 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی
اشاعت کی تاریخ: 29th, October 2025 GMT
راولپنڈی:
انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے سانحہ 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی۔
عدالت میں جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد عدالت میں پیش ہوئے، حاضری لگوائی اور بعد ازاں روانہ ہوگئے۔
اس موقع پر صحافی کے سوال پر کہ انہوں نے تازہ صورتحال پر کیا کہنا ہے، شیخ رشید نے جواب دیا کہ ’’کیا کہیں، پھر تاریخ ہوگئی۔ تاریخ پر تاریخ، کیس پر کیس ہیں۔‘‘
عدالتی کارروائی کے دوران صرف ملزمان کی حاضری لگائی گئی جبکہ چالان نقول کی تقسیم کا عمل مکمل نہیں ہو سکا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق آئندہ سماعت پر چالان نقول تقسیم کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
سانحہ 9 مئی کے ان مقدمات میں جی ایچ کیو گیٹ 4 پر حملہ کیس، میٹرو بس اسٹیشن کو آگ لگانے، آرمی میوزیم پر حملہ، صدر میں حساس ادارے کی عمارت پر حملہ اور مری روڈ پر حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے کیس شامل ہیں۔
عدالت میں پیش ہونے والے دیگر ملزمان نے بھی حاضری لگوائی اور کارروائی کے بعد روانہ ہوگئے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
راولپنڈی: ٹک ٹاکر لڑکی کے بال کاٹنے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی
راولپنڈی:ٹک ٹاکر لڑکی کے بال کاٹنے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی۔ عدالت نے دو ملزمان ثناء بی بی اور جبران خان کی عبوری ضمانت میں 18 دسمبر تک توسیع کردی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اکرام الحق چوہدری نے تھانہ نصیر آباد میں درج مقدمے کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر کو تین روز میں تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ مبینہ طور پر بال کاٹے جانے کا شکار ٹک ٹاکر غائب ہے، فون بند ہے اور گھر میں کوئی موجود نہیں، جس کے باعث تفتیش رک گئی ہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق ٹک ٹاکر ایمان فاطمہ نے تھانے آنے سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس کیس سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ مدعیہ ہیں۔
دوسری جانب ملزمہ ثناء بی بی نے بھی عدالت میں بیان دیا کہ ان کا اس مقدمے سے کوئی تعلق نہیں، نہ وہ کبھی ٹک ٹاکر سے ملی ہیں اور نہ ہی کسی ملزم سے۔
ٹک ٹاکر کے بال کاٹنے کے مقدمے میں تفتیش بند گلی میں داخل ہو چکی ہے اور پولیس مدعی بن کر خود پھنس گئی ہے۔ ایک اور ملزم نظار خان ارمان بھی ضمانت منظور کرا کے غائب ہو گیا ہے۔