شرجیل میمن کا ٹرانسپورٹ نظام بہتر بنانے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 20th, November 2025 GMT
کراچی:
سندھ کے وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے، اس سلسلے میں خواتین کے لیے مزید پنک بسیں شروع کی جا رہی ہیں جو بی آر ٹی کے مختلف روٹس پر نظر آئیں گی۔
گرین لائن منصوبے کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان کی پہلی بی آر ٹی میں خواتین کے لیے پنک بسز چلائی جا رہی ہیں اور بی آر ٹی گرین لائن میں بھی خواتین کے لیے الگ اسپیس مختص کی جائے گی۔
سینیئر وزیر نے بتایا کہ نمائش سے سرجانی تک پنک بی آر ٹی سروس شروع ہو چکی ہے جبکہ ایدھی اورنج لائن بی آر ٹی میں بھی جلد پنک بسیں چلائی جائیں گی۔
وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ اگلے ہفتے ڈبل ڈیکر بسیں بھی کراچی پہنچ جائیں گی جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں کے لیے بائیک تیار کر رہا ہے جو انہیں مفت فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اہم فیصلے کر رہی ہے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں مزید خوشخبریاں جلد ملیں گی۔
شرجیل انعام میمن نے یہ بھی بتایا کہ سندھ حکومت کسانوں کو مفت کھاد فراہم کر رہی ہے، جس سے گندم کی کاشت میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ساتھ کچھ حل طلب معاملات موجود ہیں تاہم انہیں جلد نمٹایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز اور سیاسی جماعتوں کو اوپن بریفنگ دی جاتی ہے، معاشرے کے ہر طبقے اور فرد کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت نے 21 لاکھ سیلاب متاثرہ خاندانوں کے گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کے نام کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا جو خواتین کو بااختیار بنانے کی اہم مثال ہے۔
وزیر اطلاعات نے وزیراعظم اور خیبر پختونخوا و پنجاب کے وزرائے اعلیٰ سے درخواست کی کہ وہ بھی اپنے صوبوں میں پنک بس سروس شروع کریں۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان پاکستان کھیل خواتین کے نے کہا کہ بتایا کہ بی آر ٹی کے لیے
پڑھیں:
کراچی میں آئندہ ہفتے سے ڈبل ڈیکر بسیں اور نئی ای وی بسیں چلانے کا فیصلہ
حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں آئندہ ہفتے سے ڈبل ڈیکر بسیں اور نئی ای وی بسیں چلانے اور سندھ کے دیگر اضلاع میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کنول نظام بھٹو، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومر، یلو لائن بی آر ٹی کے پی ڈی ضمیر عباسی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو یلو لائن بی آر ٹی اور ریڈ لائن بی آر ٹی کے ترقیاتی کام میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
کراچی میں ای وی ٹیکسی سروس شروع کرنے اور پنک اسکوٹیز اسکیم کے دوسرے مرحلے پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو آگہی دی گئی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ امید ہے کہ ڈبل ڈیکر بسیں اور نئی ای وی بسیں آئندہ ہفتے تک کراچی میں پہنچ جائیں گی، کراچی کے عوام کے لئے ڈبل ڈیکر کا روٹ شروع کرنے کے ساتھ ساتھ ای وی بسز کے نئے روٹ بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔
صوبائی سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ دسمبر تک ای وی ٹیکسی شروع کرنے اور حالیہ مالی سال مزید پانچ سو بسیں لانے ارادہ رکھتی ہے، سندھ کے دیگر اضلاع میں بہت جلد پیپلز بس سروس کے نئے روٹس بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے ٹرانسپورٹ حکام کو نئے روٹس کے حوالے سے آپریشنل تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات کی۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں خواتین اور طالبات کو اسکوٹیز چلانے کی تربیت دینے کا سلسلہ بھی شروع کیا جارہا ہے، یلو لائن بی آر ٹی پر شب و روز کام جاری ہے، حکومت سندھ یلو لائن بی آر ٹی پر کام جلد از جلد مکمل کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ یلو لائن بی آر ٹی کے ترقیاتی کام میں تیزی لائی جائے، ڈیپوز کا کام بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے اور کہا کہ تاج حیدر پل کے دوسرے حصے کا کام جلد شروع کیا جائے گا، تاج حیدر پل پر دو طرفہ ٹریفک آج سے چلائی جارہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی میں حائل یوٹلٹیز کی منتقلی جلد یقینی بنائی جائے، تاکہ کام کی رفتار متاثر نہ ہو۔