بلوچستان یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ و اوورسیز ایمپلائمنٹ پروگرام میں بے ضابطگیاں، وزیر اعلیٰ کا نوٹس
اشاعت کی تاریخ: 24th, November 2025 GMT
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ اور اوورسیز ایمپلائمنٹ پروگرام میں مبینہ بے ضابطگیوں اور موصول ہونے والی شکایات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری اور غیر جانبدارانہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے پروگرام سے متعلق سامنے آنے والی منفی رپورٹس پر گہری برہمی اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ نوجوانوں کے لیے شروع کیے گئے فلاحی منصوبوں میں بدانتظامی، بے ضابطگی یا غیر شفافیت کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن ہے، تیمور سلیم جھگڑا
وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے مطابق پروگرام کے نفاذ، میرٹ کی پاسداری، شفافیت اور مستفید ہونے والے نوجوانوں کے انتخاب کے حوالے سے متعدد سنجیدہ سوالات اٹھائے گئے تھے جس کے باعث معاملے کو فوری طور پر چیف منسٹر انسپکشن ٹیم (سی ایم آئی ٹی) کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پرنسپل سیکریٹری نے ایک ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے سی ایم آئی ٹی کو حکم دیا ہے کہ وہ پروگرام کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے اور 2 ہفتوں کے اندر اپنی تفصیلی رپورٹ براہِ راست وزیراعلیٰ کو پیش کرے۔
یہ بھی پڑھیے: ملک کے پسماندہ ترین علاقوں کی فہرست جاری، بلوچستان کے کتنے اضلاع شامل ہیں؟
رپورٹ میں حقائق کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور مستقبل میں پروگرام کی بہتری کے لیے ٹھوس سفارشات شامل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود، ہنر مندی کے فروغ اور بیرونِ ملک روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ کسی بھی غفلت، بے ضابطگی یا کرپشن پر سخت کارروائی کی جائے گی اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: منظم گینگ بن کر بدعنوانی کرنے کے الزامات میں این سی سی آئی اے افسران کی گرفتاریاں
ذرائع کے مطابق نوجوانوں کے لیے متعارف کیے گئے اس پروگرام کی شفافیت پر بڑھتے ہوئے سوالات کے بعد حکومت نے بروقت قدم اٹھایا ہے تاکہ اسکیم کی افادیت برقرار رہے اور اسے مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ کے اس ایکشن کو مبصرین ایک مثبت قدم قرار دے رہے ہیں، جس سے نہ صرف احتساب کے عمل کو تقویت ملے گی بلکہ نوجوانوں کے لیے شروع کیے گئے اہم منصوبے میں اعتماد بحال ہوگا۔
صوبائی حکومت کا مؤقف ہے کہ اس انکوائری کا مقصد کسی فرد یا ادارے کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ یہ یقینی بنانا ہے کہ نوجوانوں کے لیے مختص کیے گئے وسائل درست، شفاف اور منصفانہ طریقے سے استعمال ہوں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ رپورٹ آنے کے بعد مزید قانونی اور انتظامی فیصلے کیے جائیں گے جن کا مقصد پروگرام کو زیادہ قابلِ عمل اور صوبے کے نوجوانوں کے لیے حقیقی طور پر فائدہ مند بنانا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
بےضابطگی کرپشن وزیراعلیٰ بلوچستان.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: بےضابطگی وزیراعلی بلوچستان نوجوانوں کے لیے کیے گئے
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔