سٹی کونسل کراچی میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان کیخلاف میں قرارداد جمع
اشاعت کی تاریخ: 28th, November 2025 GMT
قرارداد میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر دفاع کا سندھ کے مستقبل میں بھارت کا حصہ بننے سے متعلق بیان ہرزہ سرائی ہے، پاکستان کے عوام ہر اختلاف سے بالاتر ہو کر ملک کی ایک ایک انچ کے دفاع کا عزم رکھتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و اپوزیشن لیڈر کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) سیف الدین ایڈووکیٹ نے سٹی کونسل میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے پاکستان کے صوبہ سندھ سے متعلق بیان کے خلاف قرارداد جمع کرا دی، جس میں بھارتی وزیر دفاع کے اس بیان کی شدید مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا سندھ کے مستقبل میں بھارت کا حصہ بننے سے متعلق بیان ہرزہ سرائی ہے، پاکستان کے عوام ہر اختلاف سے بالاتر ہو کر ملک کی ایک ایک انچ کے دفاع کا عزم رکھتے ہیں، پاکستان کے کسی صوبے سے متعلق غلط خیال رکھنے والوں کو بنگلہ دیش سے سبق لینا چاہیئے، جہاں آج ہندوستان کے ایجنٹوں کو عدالت سے پھانسی کی سزائیں ہو رہی ہیں۔
سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ سٹی کونسل پوری دنیا کو یہ بتا دینا چاہتی ہے کہ کلمہ طیبہ کے نام پر اپنے اس وطن عزیز کا ہر حصہ ہمارے لیے مقدس حیثیت رکھتا ہے اور کسی کو بھی اس کی طرف ٹیڑھی آنکھ سے دیکھنے کی بھی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور کسی بھی دشمن ملک یا اس کے ایجنٹوں کو ملک کے اندر قدم رکھنے کی بھی جگہ نہیں ملے گی، یہ ملک اسلام کے نام پر قائم ہوا اور ہمیشہ قائم رہے گا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: بھارتی وزیر دفاع پاکستان کے دفاع کا
پڑھیں:
کراچی: ہندو برادری کا سوامی نارائن مندر پر بھارتی وزیر دفاع کے خلاف احتجاج
کراچی:پاکستان ہندو کونسل کے زیر اہتمام تین روزہ احتجاجی سلسلے کے دوسرے مرحلے میں سوامی نارائن مندر پر بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان ہندو کونسل کی اعلیٰ قیادت سمیت سول سوسائٹی، اسٹوڈنٹس اور میڈیا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
چیف کوآرڈینیٹر کرشن ساگر نے میڈیا کو بتایا کہ سرپرست اعلیٰ پاکستان ہندو کونسل ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی ہدایت پر آج دوسرے دن بھی سندھ کی ہندو برادری سراپا احتجاج ہے، بھارتی وزیر دفاع کا بیان ہمارے اندرونی معاملات میں کھلم کھلا مداخلت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیرِ دفاع کے اشتعال انگیز بیان کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں، دیہاتوں اور گلی محلوں میں طلبہ، اساتذہ اور شہریوں کی جانب سے مختلف احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں جن میں سندھی ہندو کمیونٹی نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
مظاہرین نے پاکستان زندہ باد اور مودی سرکار کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین نے بھارتی پردھان منتری سے وزیر دفاع راج ناتھ کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ بھی کردیا۔
پاکستان ہندو کونسل کے لیڈران کا کہنا تھا کہ راج ناتھ کے اشتعال انگیز بیان پر نریندر مودی کی خاموشی معنیٰ خیز ہے، انہوں نے تین دن کے الٹی میٹم کے اندر متنازع بیان واپس لینے کا مطالبہ دہرایا۔
مظاہرے کے دوران ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھائے شرکاء کا جوش و خروش دیدنی تھا، احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔