حکومت این آر او کی سیاست چھوڑ دے، یہ کوئی نہیں مانگ رہا: شوکت یوسفزئی
اشاعت کی تاریخ: 9th, January 2025 GMT
شوکت یوسفزئی—فائل فوٹو
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ حکومت این آر او کی سیاست چھوڑ دے، این آر او کوئی نہیں مانگ رہا۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نہ تو نتھیا گلی، نہ بنی گالہ اور نہ ہی ملک سے باہر جائیں گے، وہ تمام کیسز عدالتوں میں لڑ کر باہر آئیں گے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ 2022ء سے اب تک 27 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا جا چکا ہے، کیا ملک قرضوں پر چلے گا؟ کیا اڑان پاکستان قرضوں سے چلے گا؟
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مذاکرات کو این آر او کا رنگ دینا افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے سیاسی استحکام لانا ہو گا، ملک میں سرمایہ کاری رک گئی ہے، وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب سرکاری تقاریب میں پی ٹی آئی کی کردار کشی کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں بھی تاخیری حربے استعمال ہو رہے ہیں، کراچی تباہی کے دہانے پر ہے، روشنیوں کا شہر اب کھنڈرات میں بدل گیا ہے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کراچی میں کوئی موبائل لے کر نہیں پھر سکتا، موٹر سائیکل لے کر باہر نہیں آ سکتا، پاکستان میں سب سے زیادہ قتل و غارت کراچی شہر میں ہوئی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ کے پی حکومت نے نگراں دور کے بعد 3 ماہ کی تنخواہ ادا کر دی، 3 ماہ کی ریزرو بھی دیں، کے پی حکومت نے صحت کارڈ کے لیے 20 ارب روپے جاری کیے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ کے پی حکومت نے 30 ارب روپے قرض واپسی فنڈ میں منتقل کیے، کے پی حکومت نے 40 ارب روپے پنشن فنڈ میں منتقل کیے ہیں۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے: خواجہ سعد رفیق
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق—فائل فوٹومسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے، بھارتی اقدامات غیر دانشمندانہ ہیں۔
ایک بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے میں واضح لکھا ہے کہ کوئی فریق یکطرفہ طور پر معاہدہ منسوخ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی طویل عرصے سے کوشش تھی کہ سندھ طاس معاہدے کو منسوخ کر دے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ بھارتی الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں، پاکستان پر بھارتی الزام بدنیتی پر مبنی ہے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کو چھیڑ کر بھارت نے خطےمیں کشیدگی کو ہوا دی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز مسلسل ریاستی دہشت گردی میں مصروف ہیں، ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام لازم ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ فوری معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔