وِراٹ کوہلی اور روہت شرما کے مستقبل پر گہرا سوالیہ نشان لگ گیا
اشاعت کی تاریخ: 12th, January 2025 GMT
بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے ناگزیر سمجھے جانے والے وِراٹ کوہلی اور کپتان روہت شرما کو انتہائی شرم ناک صورتِ حال کا سامنا ہے۔ دونوں مسلسل آؤٹ آف فارم ہیں اور خاصی جدوجہد کرنے پر بھی فارم بحال ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ بھی شدید مخمصے کا شکار ہے کہ اِن دونوں بڑوں کا کرے تو کیا کرے۔ اِن کے پرستار کروڑوں ہیں۔ سوشل میڈیا پر اِنہیں تنقید کا نشانہ تو بنایا جارہا ہے تاہم ساتھ ہی ساتھ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ بڑوں پر بیڈ پیچ آتے رہتے ہیں، اِس بنیاد پر کسی بڑے کھلاڑی کو ٹیم سے باہر نہیں کیا جاتا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وِراٹ کوہلی اور روہت شرما کا مستقبل اب چیمپینز ٹرافی سے وابستہ ہوگیا ہے۔ اِن دونوں بڑوں کو محض اپنی فارم بحال نہیں کرنی بلکہ ٹیم انڈیا کو چیمپینز ٹرافی جتوانے میں کلیدی کردار بھی ادا کرنا ہے۔ اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے تو ٹیم میں اُن کے باقی رہنے کا جواز ہی ختم ہوجائے گا۔ حال ہی میں بارڈر گواسکر ٹرافی ٹیسٹ سیریز کے دوران دونوں کچھ خاص کر دکھانے میں بُری طرح ناکام رہے۔
وِراٹ کوہلی تو خیر پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سینچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے تھے تاہم روہت شرما پوری سیریز کے دوران کچھ بھی نہ کر پائے۔ انڈیا ٹوڈے کو ذرائع نے بتایا ہے کہ فی الحال اِن دونوں بڑوں کو ٹیم سے نکالنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا جارہا۔ چیمپینز ٹرافی کا شدت سے انتظار کیا جارہا ہے۔ اگر یہ دونوں چیمپینز ٹرافی میں بھی ناکام رہے تو بورڈ اِن دونوں کے کریئر کو قدرے بے توقیری سے ختم کرنے پر مجبور ہوگا۔
وِراٹ کوہلی اور روہت شرما سمیت پوری ٹیم انڈیا کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ممبئی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کا اجلاس ممبئی میں ہوا جس کی صدارت سابق ٹیسٹ کرکٹر راجر بنی نے کی۔ اجلاس میں ٹیم انڈیا کی بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوران ناقص کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ دو گھنٹے جاری رہنے والی میٹنگ میں کپتان روہت شرما، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر، بھارتی کرکٹ بورڈ کے جسوائنٹ سیکریٹری دیواجِت سائیکیا اور نائب صدر راجیو شکلا نے شرکت کی۔
اجلاس میں ٹیم انڈیا کی کارکردگی کا بھرپور جائزہ لیا گیا اور بالخصوص بیٹنگ لائن اپ کے حوالے سے سیر حاصل مشاورت ہوئی۔ بورڈ کی انتظامیہ جاننا چاہتی تھی کہ شاندار بیٹنگ لائن اپ کے باوجود ٹیم انڈیا بیٹنگ کے معاملے میں ناکام کیوں رہی۔ تمام معاملات کا جائزہ لیا اور چیمپینز ٹرافی کے بعد اہم فیصلے متوقع ہیں۔
بورڈ کی انتظامیہ کے ایک رکن نے کہا کہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز ہارنے سے قبل ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کے مقابل ہوم سیریز بھی ہاری۔ اس حوالے سے توضیح کی ضرورت ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے اجلاس میں وِراٹ کوہلی اور روہت شرما کی کارکردگی کا خصوصی طور پر جائزہ لیا گیا۔ دونوں سے کہا گیا کہ وہ اپنی کارکردگی کا گراف بلند کریں۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ کپتان کی تبدیلی کے معاملے سے چیمپینز ٹرافی کے بعد نپٹا جائے گا۔ فی الحال وِراٹ کوہلی اور روہت شرما کو ٹیم سے نکالا نہیں جارہا تاہم چیمپینز ٹرافی میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صورت میں دونوں کے لیے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں اور معاملات ٹیم سے اُن کے اخراج تک بھی جاسکتے ہیں۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل بھارتی کرکٹ بورڈ چیمپینز ٹرافی کارکردگی کا اجلاس میں جائزہ لیا ٹیم سے
پڑھیں:
جنرل مائیکل ای کوریلا کو" نشان امتیاز ملٹری" عطا
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے امریکی سینٹکام کے کمانڈر کی lملاقاتوں میں علاقائی سلامتی، افواج کے درمیان باہمی روابط پر گفتگو ہوئی، دہشت گردی اور ابھرتے ہوئے سرحد پار خطرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق امریکی سینٹکام کے کمانڈر جنرل مائیکل ای کوریلا کو " نشان امتیاز ملٹری " عطا کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حکومت پاکستان نے امریکی سینٹکام کے کمانڈر جنرل کو یہ اعزاز ان کی مثالی خدمات اور دونوں ممالک کے مابین فوجی تعاون میں اہم کردار پر دیا۔ ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر آصف علی زرداری نے جنرل کوریلا کو ایوارڈ دیا، جنرل کوریلا کی دوراندیش قیادت نے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے، دفاعی تعاون بڑھانے میں کردار ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل کوریلا نے پاکستان کی مسلح افواج اور امریکی سینٹکام کے درمیان انسداد دہشت گردی تعاون کو گہرا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ان کی مسلسل شمولیت پاکستان کے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے والے مرکزی کردار کیلئے گہرے احترام کی عکاسی کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس ممتاز اعزاز کا عطا کیا جانا جنرل کوریلا کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کے گہرے خراجِ تحسین کا مظہر ہے، یہ اعزاز دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی دوطرفہ عسکری شراکت داری کی گہرائی کی تصدیق کرتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اپنے دورے میں جنرل کوریلا نے پاکستان کی اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے تفصیلی ملاقاتیں کیں، جنرل کوریلا صدر پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی، افواج کے درمیان باہمی روابط پر گفتگو ہوئی، دہشت گردی اور ابھرتے ہوئے سرحد پار خطرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایوانِ صدر پہنچنے پر جنرل کوریلا کو تینوں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔