مراکش کشتی حادثے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل
اشاعت کی تاریخ: 17th, January 2025 GMT
فوٹو: فائل
وزیراعظم شہباز شریف نے مراکش کشتی حادثے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ذرائع کا کہنا ہے کہ چار رکنی تحقیقاتی ٹیم آج رات ہی مراکش روانہ ہوگی، ایڈیشل سیکریٹری داخلہ سلمان چوہدری تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہیں، ایف آئی اے پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نارتھ، منیر مسعود مارتھ بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
مراکشی حکام کا کہنا ہے کہ کشتی میں 66 پاکستانیوں سمیت 86 تارکین وطن سوار تھے۔
دفتر خارجہ اور آئی بی کا ایک ایک افسر بھی تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ مراکش جائے گا، تحقیقاتی ٹیم تین سے چار روز مراکش میں قیام کرے گی، ٹیم کشتی حادثےمیں بچ جانے والے پاکستانیوں سے ملاقات کرے گی، تحقیقاتی ٹیم پاکستانیوں پر تشدد اور قتل کی بھی تحقیقات کرے گی۔
خیال رہے کہ مغربی افریقہ کے راستے غیر قانونی طور پر اسپین جانے والی تارکین وطن کی کشتی گزشتہ روز مراکش میں حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں 44 پاکستانی بھی شامل تھے۔
مراکشی حکام کا کہنا تھا کہ کشتی سے 36 افراد کو بچایا گیا جو 2 جنوری کو افریقی ملک موریطانیہ سے روانہ ہوئی تھی اور اس میں 86 تارکین وطن سوار تھے جن میں 66 پاکستانی بھی شامل تھے۔
ورثاء نے انسانی اسمگلروں پر قتل کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ مرنے والے 12 نوجوان گجرات کے رہائشی تھے، جو 4 ماہ قبل یورپ کیلئے روانہ ہوئے، کشتی دو جنوری کو روانہ ہوئی، پیسے نہ ملنے پر کشتی کو سمندر میں کھڑا کر دیا گیا اور انسانی ا سمگلروں نے مزید پیسوں کا مطالبہ کیا۔
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: تحقیقاتی ٹیم تارکین وطن
پڑھیں:
پاکستان سے غزہ کیلئے 100 ٹن امدادی سامان روانہ
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار) وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان سے غزہ کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کر دیا گیا۔نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے مطابق مجموعی طور پر 200 ٹن امدادی سامان 2 خصوصی پروازوں کے ذریعے بھیجا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 17ویں کھیپ روانہ کی گئی جس میں 65 ٹن تیار کھانا، 20 ٹن خشک دودھ، 5 ٹن بسکٹ اور 10 ٹن ادویات شامل ہیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا غزہ کیلئے مزید 100 ٹن امدادی سامان آئندہ چند دنوں میں روانہ کیا جائیگا۔اب تک پاکستان کی جانب سے غزہ کے عوام کے لیے بھیجی گئی مجموعی امداد کا وزن ایک ہزار 715 ٹن ہو چکا جو اگلی پرواز کی روانگی کے بعد ایک ہزار 815 ٹن تک پہنچ جائیگا۔ امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے شرکت کی۔ تقریب میں وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے کے اعلیٰ افسران سمیت الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔اسحاق ڈار نے این ڈی ایم اے اور فلاحی اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان اس مشکل گھڑی میں فلسطینی عوام کیساتھ کھڑا ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایاکہ فلسطینی سفیر نے امداد کی فراہمی پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔