بنوں میں پولیس موبائل آئی ای ڈی دھماکے سے جزوی تباہ، فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2025 GMT
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس کی موبائل دھماکے سے جزوی تباہ ہوگئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
نجی ٹی وی کے مطابق بنوں کے تھانہ کینٹ کی حدود باران پل کے قریب پولیس موبائل دھماکے سے متاثر ہوئی، یہ آئی ای ڈی بم دھماکا تھا، دھماکے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم پولیس موبائل کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
حکام کے مطابق پولیس کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی کہ اس دوران دھماکے کا نشانہ بن گئی، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم پولیس موبائل کو جزوی نقصان پہنچا، دھماکے کی اطلاع ملنے پر جائے وقوع پر پولیس کی نفری پہنچ گئی۔
بنوں میں پولیس کی گاڑی دھماکے کی زد میں آنے کے بعد فورسز نے قریبی علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ 3 ماہ قبل ضلع بنوں میں خارجی دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 12 جوانوں کو شہید کر دیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ 19 نومبر 2024 کو ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں خوارج نے پاک فوج اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کو فوجیوں نے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 خوارج بھی مارے گئے تھے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: پولیس موبائل پولیس کی
پڑھیں:
سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکا، اہلکار جاں بحق ،2 زخمی
مال خانے میں شارٹ سرکٹ سے دھماکا ، اطراف کا علاقہ سیل کر دیا گیا
دھماکے سے عمارت کے ایک حصے کو نقصان پہنچا، واقعہ کی تحقیقات جاری
پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر(سی سی پی او)میاں سعید نے کہا کہ تھانے پر حملے کے شواہد نہیں ملے، اطراف کا علاقہ سیل کر دیا گیا ہے، ابتدائی طور پر لگ رہا ہے کہ مال خانے میں شارٹ سرکٹ سے دھماکا ہوا ، دھماکے سے بلڈنگ کا ایک حصہ منہدم ہو گیا ۔سی سی پی او کے مطابق ایک سی ٹی ڈی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے ہیں،زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ، ابتدائی اطلاعات کے مطابق فی الحال تھانے پر حملے کے شواہد نہیں ملے۔دوسری جانب سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)آپریشنز نے بتایا کہ تھانہ سی ٹی ڈی اور اطراف کے علاقوں کو سیل کرکے نفری تعینات کی گئی ، دھماکے سے عمارت کے ایک حصے کو نقصان پہنچا ہے۔