ٹی ایم سی شاہ لطیف ٹاون کی من مانیاں،چئیرمینز پریشان
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2025 GMT
حیدر آباد: جماعت اسلامی کے منتخب یوسی 124 چیئر مین آفاق نصر و دیگر پریس کلب میں کانفرنس کر رہے ہیں
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے یونین کمیٹی 124ٹاﺅن لطیف آباد کے چیئرمین آفاق نصر نے وائس چیئرمین نوید مغل، کونسلرز احمد فاروق، راشداعوان، طلحہ علی خان اور سلمان خان کے ساتھ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ٹی ایم سی شاہ لطیف ٹاﺅن گزشتہ ڈیڑھ سالوں سے من مانیاں کرتے آرہے ہیں اور ٹیکس کا پیسہ کہاں خرچ کررہے ،کسی کو کچھ نہیں معلوم، ٹاﺅن کو بغیر کمیٹیوں کے چلایا جارہا ہے، ٹاﺅن کی فنانس کمیٹی کی عدم موجودگی میں ٹاﺅن کے فنانس کے معاملات کیسے چل رہا ہے۔ ٹی ایم سی چند ہاتھوں میں یرغمال ہیں وہ یوسی چیئرمینز کو اعتماد میں کیوں نہیں لیتے ۔انہوں نے کہاکہ ٹاﺅن کے ماہانہ اجلاس نہیں ہوتے اب تک صرف تین اجلاس ہوئے ہیں ،آڈٹ رپورٹ تک نہیں دی جاتی اور نہ ہی کاموں کی تفصیلات کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اگر
ٹی ایم سی شاہ لطیف آباد ٹاﺅن نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو ہم قانون اور احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ شاہ لطیف ٹاﺅن کی کل 18یونین کمیٹیوں میں 15کا تعلق پی ٹی آ ئی سے ہے ،ہماری اس آواز میں دیگر چیئرمینز کی آواز بھی شامل ہے تاہم وہ کسی مصلحت کی وجہ سے خاموش ہیں ،وقت آنے پر وہ بھی ہمارے ساتھ احتجاج میں شامل ہونگے اور ہم یونین کمیٹی 124کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
دریائے سندھ پر 6 کینالز کا معاملہ، رانا ثنااللہ کا ایاز لطیف پلیجو سمیت دیگر سے رابطہ
اسلام آباد:وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے دریائے سندھ پر 6 کینالز کے معاملے پر قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما علامہ راشد محمود سومرو سے رابطہ کیا اور مذاکرات کی پیش کش کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رابطہ کمیٹی کے سربراہ رانا ثنا اللہ نے قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو کو فون کرکے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف آپ سے ملنا چاہتے ہیں۔
ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ 6 کینالوں کے معاملے پر سارے سندھ میں غصّہ اور بے چینی موجود ہے، کینال بنانے کا فیصلہ کر کے سندھ کے ساتھ شدید ناانصافی کی گئی ہے۔
رانا ثنااللہ نے انہیں بتایا کہ اس مسئلے کو وزیراعظم صاحب آپ سے گفتگو کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، سندھ کی مختلف جماعتوں کے نمائندوں کا کوئی وفد بنائیں گے تو ان سے بھی بات چیت کی جا سکتی ہے۔
ایاز لطیف پلیجو نے رانا ثنااللہ سے مطالبہ کیا کہ آپ فوراً کینالوں کا فیصلہ واپس لیں تو مسئلہ حل ہو سکتا ہے، سندھ اس وقت سارے فیصلے مشترکہ مشاورت کے طور پر کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی ساری سیاسی جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ ہے کہ پہلے کینالوں کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے جمعیت علمائے اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو سے رابطہ کیا اور انہیں دریائے سندھ پر کینالز سے متعلق تنازع پر مذاکرات کی پیش کش کی۔
اس موقع پر راشد محمود سومرو نے مشاورتی عمل میں قوم پرست جماعتوں کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سندھ کی سیاسی جماعتوں اور وکلا کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔
راشد سومرو نے کہا کہ مذاکرات سے پہلے متنازع کینالز پر فوری طور پر کام روکا جائے، جمعیت علمائے اسلام سندھ کا واضح مؤقف ہے کہ سندھ کے پانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں ہوگا۔