عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری کو گرفتار کرلیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 7th, February 2025 GMT
راولپنڈی:
عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری کو راولپنڈی پولیس نے گرفتار کرلیا، فواد چوہدری نے گرفتاری کی تصدیق بھی کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل چوہدری کو اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 کے باہر سے پولیس نے گرفتار کیا اور اڈیالہ چوکی روانہ ہوگئے۔
پولیس فیصل چوہدری کے زیر استعمال گاڑی بھی چوکی اڈیالہ لے گئی، فیصل چوہدری کے ساتھ مبشر مقصود اعوان، فیصل نیازی، عمران نیازی ایڈووکیٹس بھی پولیس چوکی اڈیالہ چلے گئے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں اپنے بھائی فیصل چوہدری کی گرفتاری کی تصدیق بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فیصل چوہدری عمران خان سے ملنے اور مقدمے کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تو انہیں گیٹ پر روک دیا گیا تھا جس پر انہوں ںے جیلر کو مغلظات بکیں تھیں۔
پاکستان بار کونسل کا اظہار مذمت
دوسری جانب پاکستان بار کونسل نے وکیل فیصل چوہدری کو اڈیالہ جیل میں روکے جانے اور گرفتار کیے جانے پر اظہار تشویش کیا ہے۔
پاکستان بار کونسل نے کہا ہے کہ وکیل کو عدالتی کارروائی میں شمولیت سے روکنا انصاف کے راستے میں رکاوٹ ہے، فیصل چوہدری جیل میں قائم انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہونے کیلئے گئے تھے، جیل حکام کے پاس فیصل چوہدری کو روکنے اور گرفتار کرنے کا کوئی جواز نہیں۔
بار کونسل نے مزید کہا کہ وکلاء اپنا پیشہ ورانہ کام کرتے ہیں سیاسی جماعتوں سے نہ جوڑا جائے، پنجاب پولیس کے ہاتھوں وکلاء کی گرفتاری و گھروں پر چھاپوں کی بھی مذمت کرتے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: فیصل چوہدری کو بار کونسل
پڑھیں:
پوری پی ٹی آئی کچھ نہیں کرسکی تو عمران خان کے بچے کیا کرلیں گے؟ طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پوری پی ٹی آئی کچھ نہیں کرسکی تو عمران خان کے بچے کیا کرلیں گے۔نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے بچوں کو ویزا چاہیے ہوگا تو 24 گھنٹوں میں فراہم کیا جائے گا، وہ پر امن احتجاج میں حصہ لیں تو اس میں کوئی حرج نہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بچے پاکستان آکر کیا کریں گے، اگر پوری پی ٹی آئی کچھ نہیں کرسکی، انہوں نے 9 مئی بھی کرکے دیکھ لیا۔ پی ٹی آئی رہنما نیاز اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے عمران خان کو ووٹ دیا وہی تحریک چلائیں گے، بانی پی ٹی آئی کوئی سمجھوتا اور ڈیل نہیں کریں گے۔واضح رہے کہ چند روز قبل علیمہ خان نے کہا تھا کہ عمران خان کے بچوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انہوں نے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچے کب تک پاکستان آئیں گے۔