توشہ خانہ 2 :عمران خان نے اوپن کورٹ ٹرائل کرنے کی درخواست دائر کر دی
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) توشہ خانہ 2 کیس میں عمران خان کا اوپن کورٹ ٹرائل کرنے کی درخواست دائر کردی گئی۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں خصوصی عدالت میں کی۔ سماعت کے موقع پر عمران خان کے وکلاء بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر سلمان صفدر، فیصل ملک، مشال یوسفزئی اڈیالہ جیل پہنچے جبکہ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان اور جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔ اس موقع پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے فیملی ممبرز بھی اڈیالہ جیل کے اندر آئے، جن میں علیمہ خان، عظمیٰ خانم، نورین خانم، قاسم نیازی، مبشرہ شیخ، مہر النسا احمد، ایڈووکیٹ خالد یوسف چودھری اور دیگر شامل تھے۔ اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے گواہ قیصر محمود پر جرح کی جب کہ وکیل اگلی سماعت پر بھی جرح جاری رکھیں گے۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے بانی پی ٹی آئی کا ٹرائل اوپن کورٹ میں کرنے کی درخواست دائر کردی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گزشتہ 20 ماہ سے بانی پی ٹی آئی جیل ٹرائل کے تحت مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست پر فیصلے تک ٹرائل کو روکا جائے۔ عدالت نے آج کی سماعت میں درخواست وصول کرکے ٹرائل جاری رکھا اور بعد ازاں سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی۔ سماعت میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے مشال یوسف زئی کی درخواست پر جواب بھی عدالت داخل کرادیا، جس میں کہا گیا کہ مشال کا وکالت لائسنس کے پی بار نے معطل کررکھا ہے، معطل لائسنس پر وکالت نامہ جمع کرانے پر کے پی بار تحقیقات کررہی ہے۔ واضح رہے کہ توشہ خانہ 2 کیس میں مجموعی طور پر 8 گواہوں کے بیانات قلمبند ہوچکے ہیں جب کہ پراسیکیوشن کے ساتویں گواہ پر جرح جاری ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: بانی پی ٹی ا ئی کی درخواست اڈیالہ جیل توشہ خانہ 2 خان اور
پڑھیں:
توشہ خانہ ٹو کیس: 16 گواہان کے بیانات ریکارڈ اور جرح مکمل
فائل فوٹوتوشہ خانہ ٹو کیس میں مجموعی طور پر 16 گواہان کے بیانات ریکارڈ اور جرح مکمل کرلی گئی، آئندہ سماعت پر سابق ملٹری سیکریٹری محمد احمد اور ڈپٹی ملٹری سیکریٹری کرنل ریحان کو طلب کرلیا گیا۔
اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء نے استغاثہ کے دو اہم گواہان انعام شاہ اور صہیب عباسی پر جرح مکمل کرلی ہے، دونوں گواہان نے توشہ خانہ ٹو کیس میں چشم دید گواہان کی حیثیت سے اپنے بیانات ریکارڈ کروائے ہیں۔
توشہ خانہ ٹو کیس میں مجموعی طور پر 16 گواہان کے بیانات ریکارڈ اور جرح بھی مکمل کرلی گئی ہے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر دو اہم گواہان سابق ملٹری سیکرٹری برگیڈیئر محمد احمد اور سابق ڈپٹی ملٹری سیکرٹری کرنل ریحان کو بیانات ریکارڈ کروانے کیلئے عدالت طلب کرلیا ہے۔
کیس کی مزید سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ان کے وکلاء بیرسٹر سلمان صفدر، قوثین فیصل مفتی اور ارشد تبریز عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وفاقی پراسیکوٹر ذوالفقار عباس نقوی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور بشریٰ بی بی کی بھابی کمرہ عدالت میں موجود تھے، پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما سینیٹر علی ظفر بھی سماعت میں شامل تھے۔