کراچی؛ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جامعہ کراچی کا ملازم جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
کراچی:
سپرہائی وے جمالی پل کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جامعہ کراچی کا ملازم طارق سعید جاں بحق ہوگیا اور رواں سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران ڈاکوؤں نے خاتون سمیت 10 افراد کو ابدی نیند سلا دیا۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سپرہائی وے جمالی پل کلہاڑی چوک کے قریب فائرنگ سے 50 سالہ شہری طارق ولد سعید کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی جس پر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا اور مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا بتایا جا رہا ہے جبکہ ایس ایچ او سہراب گوٹھ وزیر سموں کے مطابق عینی شاہدین اور ریڑھی والوں نے پولیس کو بتایا کہ سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کی پولیس کسی ملزم کا تعاقب کر رہی تھی اس دوران ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی زد میں آکر طارق سعید شدید زخمی ہوگیا اور اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا جبکہ ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے۔
ہیڈ محرر سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا اے ایس آئی بلاول نے ایس ایچ او سہراب گوٹھ کے بیان کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری پولیس کا ڈاکوؤں سے کوئی مقابلہ نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کی آواز سن کر سائٹ سپرہائی وے کی پولیس پارٹی موقع پر پہنچی تو شہری زخمی تھا، جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال روانہ کیا گیا اور اس دوران سہراب گوٹھ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔
مقتول طارق سعید جامعہ کراچی کا ملازم تھا اور شعبہ سمسٹر سیل میں تعینات اور اسکیم 33 کا رہائشی تھا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ڈاکوو ں
پڑھیں:
کراچی: فائرنگ کے واقعات میں سیکیورٹی گارڈ سمیت 2 افراد زخمی
کراچی:شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں سیکیورٹی گارڈ سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بن قاسم کے علاقے چاول گودام کے قریب فائرنگ کے واقعے میں سیکیورٹی گارڈ 22 سالہ مشتاق زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق واقعہ سیکیورٹی گارڈ سے اتفاقیہ گولی چلنے کے باعث پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جبکہ لیاری غوثیہ ڈبہ ہوٹل کے قریب فائرنگ سے 35 سالہ سہیل نامی شہری زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا۔
چاکیواڑہ پولیس کے مطابق واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے ، پولیس دونوں واقعات کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔