چیمپیئنز ٹرافی میچز؛ اسلام آباد میں کون سے راستے بند رہیں گے؟
اشاعت کی تاریخ: 24th, February 2025 GMT
اسلام آباد:
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے چیمپیئنز ٹرافی کے میچز کے دوران ہیوی اور عام ٹریفک کے لیے پلان ترتیب دے دیا ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی کی وجہ سے سری نگر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے سرینہ ہوٹل روڈ دونوں اطراف سے تاحکم ثانی ٹریفک کے لیے بند رہے گی جبکہ ریڈ زون کے باقی تمام داخلی و خارجی راستے کھلے ہوں گے۔
فیض آباد سے آنے والی ٹریفک جناح ایونیو جبکہ کلب روڈ سے آبپارہ اور ریڈ زون والی ٹریفک فیض آباد لوپ کا استعمال کرتے ہوئے جناح ایونیو انڈر پاس سے مارگلہ روڈ استعمال کرے۔
بہارہ کہو سے آنے والی ٹریفک کلب روڈ اور فیض آباد ایکسپریس ہائی وے کا استعمال کرے اور آبپارہ سے بہارہ کہو جانے والی ٹریفک شکر پڑیاں روڈ استعمال کرے۔
ہیوی ٹریفک کے لیے 24، 25 اور 27 فروری کو مختلف اوقات میں ٹریفک ڈائیورشن پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ اس دوران، ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے لیے صبح 7 بجے سے رات ڈیڑھ بجے تک داخلہ بند ہوگا۔
پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک براستہ ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹروے جبکہ لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی جانے والی ہیوی ٹریفک چک بیلی روڈ سے چکری موٹروے استعمال کرے۔
جی ٹی روڈ پشاور سے روات جانے والے شہری ٹیکسلا موٹروے، چکری، چک بیلی روڈ اور روات استعمال کرے جبکہ لاہور جی ٹی روڈ سے پشاور جانے والے شہری روات، چک بیلی روڈ چکری، ٹیکسلا موٹروے استعمال کرے۔
روٹ کے باعث سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس وے پر ٹریفک تعطل کا شکار رہے گی، شہری اسلام آباد میں سفر کے لیے مختلف انڈر پاسز کا استعمال کرے۔
ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کی رہنمائی کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس مختلف مقامات پر موجود رہے گی، سفر کے دوران کسی بھی پریشانی اور رہنمائی کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔ ٹریفک پولیس کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم شہریوں کو بروقت ٹریفک روٹس سے متعلق آگاہی کے لیے موجود ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ٹریفک کے لیے ٹریفک پولیس استعمال کرے اسلام آباد والی ٹریفک ہیوی ٹریفک روڈ سے
پڑھیں:
کوئٹہ، سی ایم گولڈ کپ کے دو مختلف میچز میں فائرنگ سے دو افراد زخمی
دو مختلف فٹبال گراؤنڈ میں آل پاکستان سی ایم گولڈ کپ کے میچ کے بعد فائرنگ سے مجموعی طور پر دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ایک ہی دن میں دو مختلف فٹبال گراؤنڈ میں آل پاکستان سی ایم گولڈ کپ کے میچ کے بعد فائرنگ سے مجموعی طور پر دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ایک فٹبال گراؤنڈ میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور بلوچستان اسمبلی کے اراکین بھی موجود تھے، جنہیں خوش قسمتی سے کچھ نہیں ہوا۔ تاہم سکیورٹی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پہلا واقعہ کوئٹہ ریلوے گراؤنڈ میں پیش آیا۔ جہاں افغان کلب چمن اور پاکستان پولیس کے درمیان فٹبال میچ جاری تھی۔ اس دوران ریفری نے فائل کرنے پر افغان کلب چمن کے خلاف فیصلہ دیا، تو تماشائی ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے میدان میں آ گئے۔ اس دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے افغان کلب چمن کے گول کیپر کو زخمی کر دیا۔
دوسرا واقعہ کوئٹہ کے گلستان ٹاؤن علمدار روڈ میں واقع قیوم پاپا اسٹیڈیم میں پیش آیا۔ جہاں ہزاروں تماشائی دیگر علاقوں سے میچ دیکھنے آئے تھے۔ میچ کے بعد اسٹیڈیم کے باہر تماشائیوں کے ہجوم میں سے نامعلوم شخص نے فائرنگ کرکے ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی نوجوان کو زخمی کر دیا۔ اسی میچ کے دوران وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور صوبائی اسمبلی بھی میچ دیکھنے آئے تھے۔ خوش قسمتی سے ان کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ تو پیش نہیں آیا، تاہم گراؤنڈ میں تماشائیوں کے پاس اسلحہ کی موجودگی نے سکیورٹی کے حوالے سے خدشات میں شدید اضافہ کر دیا ہے۔ علمدار روڈ کے مقامی افراد بھی ایف سی حکام اور سکیورٹی فورسز سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ باہر سے آنے والے افراد کی تلاشی لی جائے اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنائی جائے۔