کراچی میں ایک اور شہری ڈکیتی مزاحمت پر قتل، رواں سال کی تعداد 17 ہوگئی
اشاعت کی تاریخ: 5th, March 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے ڈسٹرکٹ ملیر میں سفاک ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور شہری زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت واردات میں ملوث ایک ڈاکو سخت جدوجہد کے بعد پکڑلیا جو عوامی تشدد کے باعث دوران علاج ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکوؤں کا راج جاری ہے اور شاہ لطیف میں مسلسل دوسرے روز مسلح ڈکیتوں نے مزاحمت پر ایک اور شہری کو قتل کردیا۔
شاہ لطیف میں ڈکیتی کی وارداتیں بڑھنے پر علاقہ مکین مشتعل ہوئے اور انہوں نے پولیس حکام سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
ڈکیت کو مشتعل عوام نے تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا جو دوران علاج ہلاک ہو کر اپنے منطقی انجام تک پہنچ گیا، رواں سال کے دوران ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے مرغی خانہ گلستان سوسائٹی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 35 سالہ بابر کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر ابدی نیند سلا دیا۔ مقتول کو سینے پر لگنے والی جان لیوا ثابت ہوئی جبکہ واردات کے بعد موٹر سائیکل سوار ڈاکو فرار ہو رہے تھے کہ اس دوران موقع پر موجود عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت سخت جدوجہد کے بعد ایک ڈاکو کو پکڑلیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دا اور اسے انتہائی تشویشناک حالت میں شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کے حوالے کر دیا۔
بعد ازاں زخمی ڈکیت کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔ مکینوں کے مطابق مقتول بابر سوئمنگ پول کا مالک تھا جو کہ سیزن نہ ہونے کی وجہ سے بند تھا اور اسی عمارت کی پہلی منزل پر کولڈ ڈرنکس کا ڈسٹری بیوٹر اور اسٹیٹ ایجنسی کا دفتر بنایا ہوا تھا۔
مقتول بابر گلستان سوسائٹی کا رہائشی اور 3 بچوں کا باپ تھا جس میں 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔
شاہ لطیف ٹاؤن میں 2 روز کے دوران 2 شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر زندگی سے محروم کر دیئے گئے جس میں منگل کو شاہ لطیف ٹاؤن قائد آباد ریڈیو پاکستان مچھلی مارکیٹ کے قریب ڈاکوؤں نے مقامی گارمنٹس فیکٹری کے ملازم عمران کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔
ڈسٹرکٹ ملیر کے تھانے شاہ لطیف ٹاؤن میں پے در پے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 شہریوں کے جان سے جانے پر علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے اور ان کی جانب سے پولیس کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد مقتول کی لاش ورثا کے حوالے کر دی جبکہ اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
واقعہ میں عوام کے تشدد سے زخمی ہو کر دوران علاج ہلاک ہونے والے ڈاکو کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی تاہم پولیس تلاش ایپ اور بائیو میٹرک سسٹم کی مدد سے اس کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کر رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: دوران علاج ہلاک ہو ڈاکوو ں کی فائرنگ کے دوران کا نشانہ کے بعد
پڑھیں:
کراچی میں دلخراش حادثہ، گھر میں آگ لگنے سے ماں بیٹی ہلاک
اورنگی ٹاؤن شاہ فیصل چوک کے قریب گھر میں آتشزدگی کے دوران ماں بیٹی جھلس کر جاں بحق ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح پاکستان بازار تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14 جی شاہ فیصل چوک گلی نمبر 2 میں واقع مکان نمبر 39 میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی، گھر میں آگ لگتے ہی علاقہ مکین جمع ہوگئے اور علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گھر میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کر دی۔ اس دوران فائر بریگیڈ کے عملے اور ریسکیو اداروں کو بھی طلب کر لیا گیا، گھر میں آتشزدگی کے دوران 2 خواتین شدید جھلس کر شدید زخمی ہوگئیں جنہیں ایدھی ایمبولیسنز کے ذریعے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ دونوں خواتین دوران سفر دم توڑ گئی، جاں بحق خواتین کی شناخت 50 سالہ کلیم النساء اور 25 سالہ عتیقہ کے نام سے کی گئیں۔ ایس ایچ او پاکستان بازار امام بخش لاشاری کے مطابق جھلس کر جاں بحق ہونے والی خواتین آپس میں ماں بیٹی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گھر میں آتشزدگی کا واقعہ صبح 9 بجے کے بعد پیش آیا، گھر گراؤنڈ پلس ون فلور بنا ہوا ہے اور آگ گراؤنڈ فلور میں لگی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر جب پولیس موقع پر پہنچی تب تک گراؤنڈ فلور مکمل جل چکا تھا اور ہرطرف پانی ہی پانی تھا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا اور گھر میں باورچی خانے کے باہر نصب بجلی کے بورڈ سے آگ بھڑکی، تاہم پولیس کو شبہ ہے کہ گھر میں آتشزدگی کا واقعہ گیس کے اخراج کے باعث پیش آیا ہے۔ ایچ ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کے بعد کرائم سین یونٹ کو موقع پر طلب کرلیا ہے تاکہ شواہد کی روشنی میں معلوم کیا جا سکے کہ حادثہ کیسے پیش آیا ہے، پولیس نے اپنی جانچ جاری رکھی ہوئی ہے۔