میو اسپتال: انجکشن لگنے سے 2 افراد کی موت کی انکوائری مکمل
اشاعت کی تاریخ: 11th, March 2025 GMT
لاہور : میو اسپتال میں انجکشن لگنے سے دو افراد کی موت کی انکوائری مکمل ہوگئی . تاہم ڈاکٹرز اور نرسز کے احتجاج کی وجہ سے رپورٹ سامنے نہیں لائی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے میو اسپتال میں انجکشن سے دو افراد کی موت کی انکوائری مکمل کرلی گئی۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے تحقیقاتی رپورٹ گزشتہ رات مکمل کر لی گئی تھی اور رپورٹ محکمہ صحت کے حوالے کردی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے ڈاکٹرز اور نرسز کے احتجاج کی وجہ سے رپورٹ سامنے نہیں لائی جارہی ہے۔اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت سلمان رفیق نے کہا کہ رپورٹ کے نتائج جلد عوام کے سامنے ہوں گے۔
یاد رہے گذشتہ روز اینٹی بیکٹریل انجکشن لگنے سے 2 مریض جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ اٹھارہ مریض متاثر ہوئے تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیکریٹری ہیلتھ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
بعد ازاں ایم ایس ڈاکٹر احتشام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ مذکورہ انجکشن کابیج میو اسپتال سے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھجوا دیا ہے.
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: میو اسپتال
پڑھیں:
کراچی، کباڑ کے بڑے گودام میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی
کراچی:شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب مچھر کالونی میں واقع کباڑ کے بڑے گودام میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی شدت اس قدر زیادہ ہے کہ شعلے اور دھواں دور دور سے دیکھا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ مقام پر استعمال شدہ کپڑوں، پلاسٹک اور دیگر اشیاء کے کئی گودام موجود ہیں، جہاں اچانک لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے 15 گوداموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ لگنے کے بعد علاقہ دھوئیں سے بھر گیا اور فضا میں سانس لینا مشکل ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق فائر بریگیڈ کے عملے کو پانی کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ متعدد فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ چکے ہیں تاہم اُن میں موجود پانی ختم ہوگیا ہے اور تاحال واٹر ٹینکرز موقع پر نہیں پہنچ سکے۔
فائر فائٹرز اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے مزید فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں، تاہم پانی کی فراہمی میں رکاوٹیں ریسکیو آپریشن کو متاثر کر رہی ہیں۔
جائے وقوعہ پر پولیس اور رینجرز کی نفری موجود ہے، ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی جبکہ آگ کے باعث جانی نقصان کی بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔