پی ٹی آئی کا قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ انتہائی افسوس ناک ہے، سپریم کورٹ بار
اشاعت کی تاریخ: 18th, March 2025 GMT
سٹی42: اسلام آباد میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اپوزیشن کی جانب سے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی اجلاس کے بائیکاٹ کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔
قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے انتہائی اہم اجلاس میں پی ٹی آئی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے بائی کاٹ کرنے پر سپریم کورٹ بار نے تحریری بیان جاری کیا ہے جس میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا ان کیمرا اجلاس ہوا، یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اپوزیشن اتحاد نے اس اہم اجلاس کا بائیکاٹ کیا، اپوزیشن اتحاد کا فیصلہ ان کے سیاسی ایجنڈے کو قومی مفاد پر ترجیح دینا ہے۔
جعفر ایکسپریس آپریشن میں جہنم واصل کیے جانے والے دہشتگردوں کی لاشوں کی تصاویر سامنے آگئیں
سپریم کورٹ بار نے کہا کہ اگر اپوزیشن سمجھتی ہے ان کی شکایات درست ہیں تو انہیں پارلیمانی فورم کے اندر ان کا ازالہ کرنا چاہیے، ملک امن و امان کے مسائل کے پیش نظر قومی اتفاق رائے کو فروغ دینا ضروری ہے، دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں تمام اسٹیک ہولڈرز، سیاسی جماعتوں اور سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کو متحد ہونا ہوگا۔
سپریم کورٹ بار نے کہا کہ اپوزیشن نے دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کے اظہار کے اس اہم موقع پر سیاسی وجوہات پر بائیکاٹ کیا، دہشت گردی سے چھٹکارا پانے کے لیے ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے، اپوزیشن کو فوری طور پر اپنے اقدامات کا از سر نو جائزہ لینے اور اس ملک کے دشمنوں کو پہچاننے کی ضرورت ہے، اپوزیشن سمیت کسی کو اپنے غیر معقول اقدامات سے دہشتگردوں کو کوئی موقع فراہم نہیں کرنا چاہیے۔
دہشتگردی کیخلاف قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس؛ آرمی چیف کی پچاس منٹ کی تفصیلی بریفنگ
Waseem Azmet.ذریعہ: City 42
کلیدی لفظ: سپریم کورٹ بار قومی سلامتی
پڑھیں:
سپریم کورٹ؛ خانپور ڈیم آلودہ پانی فراہمی کیس میں ایڈووکیٹ جنرل کے پی کو نوٹس جاری
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سپریم کورٹ نے خانپور ڈیم آلودہ پانی فراہمی کیس میں ایڈووکیٹ جنرل کے پی کو نوٹس جاری کردیا۔
آلودہ پانی کی فراہمی کے خلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے کی، جس میں واپڈا کے وکیل احسن رضا نے مؤقف اختیار کیا کہ خانپور ڈیم پانچ ملین لوگوں کو پانی کی فراہمی کا واحد ذریعہ ہے۔ ایگزیکٹو ضلعی انتظامیہ سہولت کاری فراہم کر رہی ہے، جہاں پہلے 20 کشتیاں چلتی تھیں، اب 326 کشتیاں ڈیم میں چل رہی ہیں۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ پی ایچ اے ڈیپارٹمنٹ بھی تو ہے، وہ اس حوالے سے کوئی اصول طے کر لے۔ جسٹس شکیل احمد نے کہا کہ ڈیم کی انتظامیہ کہہ سکتی ہے کہ یہاں موٹر بوٹس چلانا منع ہے۔
وکیل نے بتایا کہ یہ لوگ بوٹنگ پر پیسے کما رہے ہیں، 6 ریزروٹس بھی بنا لیے ہیں۔
جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ کی اجازت کے بغیر وہ کیسے کشتیاں چلا سکتے ہیں؟۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ بوٹنگ رکوانے کے لیے آپ کا کیا کردار ہے؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ ہم نے مجسٹریٹ کے سامنے بھی درخواست دائر کی تھی۔ خانپور تحصیل بننے کے بعد حالات مزید خراب ہوئے ہیں۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ آپ کہتے ہیں کشتیوں سے آلودگی پھیل رہی ہے،تو اس کا متبادل کوئی راستہ ہے تو بتائیں، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ جی متبادل راستہ ہے کہ الیکٹرک کشتیاں بھی ہیں، جس سے آلودگی نہیں پھیلے گی۔
بعد ازاں عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔