یوم پاکستان: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم کا قوم کو پیغام
اشاعت کی تاریخ: 23rd, March 2025 GMT
اسلام آباد: یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق یوم پاکستان پر صدر آصف زرداری نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کو سیاسی، معاشی اور سکیورٹی کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع میں بڑی قربانیاں دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کیلئے ثابت قدم رہیں گے، ہر پاکستانی اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر، تقسیم اور منفی رجحانات کو مسترد کرے۔
صدر نے یوم پاکستان پریڈ کی مرکزی تقریب سے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ہمیں ایک ایسا پاکستان بنانا ہے جو طاقتور اور ترقی یافتہ ہو، شاندار پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، فتنہ الخوارج، دہشت تنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار فیئر ایک اہم چیلنج ہے، ہم باحوصلہ قوم ہیں، چیلنجز پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مادر وطن کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا، بھارت ہمیشہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایک برس میں ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، افراط زر کی شرح میں مسلسل کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں اس تبدیلی کی معترف ہیں، درست پالیسیوں، نیک نیتی اور قومی اتحاد سے ہم معاشی خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا وطن کی حفاظت میں جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو بھی سلام ہے، یوم پاکستان پر اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو یاد رکھنا چاہیے۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: یوم پاکستان قوم کو کہا کہ
پڑھیں:
نواز شریف پاکستان آنے کے لیے ایون فیلڈ سے روانہ
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیرِ اعظم محمد نواز شریف پاکستان آنے کے لیے ایون فیلڈ سے روانہ ہو گئے۔نواز شریف کا طیارہ لوٹن سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گا۔واضح رہے کہ جمعہ کو جاتی امراء میں نواز شریف سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ملاقات متوقع ہے جہاں پارٹی سربراہ کو سیاسی صورتِ حال پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔پارٹی ذرائع کے مطابق نوازشریف جمعے، ہفتے اور اتوار کو ن لیگ کے سینئر رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔