ملک بھر میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے
اشاعت کی تاریخ: 31st, March 2025 GMT
ملک بھر میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے، ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہورہے ہیں، جس میں امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی جائیں گی۔
اسلام آباد کی فیصل مسجد، لاہور کی بادشاہی مسجد، کراچی کے پولو گراؤنڈ میں نماز عید کا مرکزی اجتماع ہوگا۔
کراچی میں نماز عید کے دیگر بڑے اجتماعات نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جامع مسجد آرام باغ، جناح مسجد برنس روڈ، گلزار حبیب سولجر بازار، فیضان مدینہ سبزی منڈی، تھانوی مسجد جیکب لائن، مکرانی مسجد، کھتری مسجد، میمن مسجد مصلح الدین گارڈن، جامع مسجد امجدیہ عالمگیر روڈ، ایکسپو سینٹر، خالقدینا ہال، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، مسجد بیت المکرم گلشن اقبال، جامعہ مسجد بنوری ٹاؤن، دارالعلوم کراچی، جامعی اسلامیہ کلفٹن، مسجد ابو بکر کلفٹن، سبیل والی مسجد سلطان مسجد ڈیفنس، مدنی مسجد عزیزآباد، فاروق اعظم مسجد نارتھ ناظم آباد، طوبی مسجد ڈیفنس، جامع مسجد کنزالایمان گرومندر، عالمگیر مسجد، جامع مسجد طیبہ، سفید مسجد،جامع مسجد رحمت اللّٰہ والا ٹاؤن، جامع مسجد طیبہ پی ای سی ایچ ایس، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، جامع مسجد مکرانی، جامع مسجد کھتری، کھتری مسجد، فاران مسجد سمیت دیگرمساجد اور امام بارگاہوں میں ہوں گے۔
نماز عید کے روح پرور اجتماعات میں امت مسلمہ اور ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔
میٹھی عید پر شیر خُرمے، کھیر، مٹھائیوں، کیک اور دیگر لوازمات سے مہمانوں کی تواضع بھی کی جائے گئی۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم اور عالم اسلام کو عید الفطر کی مبار کباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کا یہ دن ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں، عبادات اور تقویٰ کے سفر کے بعد نصیب ہوتا ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس اور سروسز چیفس نے بھی قوم کو عید کی مبارکباد دی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عید کا دن ہمیں قومی ہیروز کی بے مثال بہادری، عزم پر غور کا موقع فراہم کرتا ہے، سپاہیوں کی قربانیوں، اہل خانہ کے غیر متزلزل تعاون کی قدر کرتے ہیں، عید پر یکجہتی، محبت اور احترام کے جذبے کو فروغ دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں شوال کا چاند نظر آیا، شوال کے چاند کی رویت اور عیدالفطر کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزاد نے کیا۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
مذہب اور لباس پر تنقید، نصرت بھروچا کا ردعمل
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ نصرت بھروچا نے مذہب اور لباس پر ہونے والی تنقید پر اپنا ردِعمل دے دیا۔
نصرت بھروچا نے اپنی نئی فلم’چھوری 2‘ کی تشہیر کے دوران مندروں میں جانے اور لباس پر ہونے والی تنقید کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرے لیے میرا ایمان حقیقی ہے باقی زندگی میں غیر حقیقی چیزیں بھی ہوتی ہیں اور یہی چیز میرے یقین کو مضبوط کرتی ہے۔
بھارتی اداکارہ نے بتایا کہ اس لیے میں اب بھی اپنے مذہب سے جڑی ہوئی ہوں، اب بھی مضبوط ہوں اور میں جانتی ہوں کہ مجھے کس راستے پر چلنا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جہاں بھی انسان کو سکون ملے چاہے وہ مندر ہو، گوردوارہ ہو یا گرجا گھر اسے وہاں جانا چاہیے اور میں سرِ عام یہ بات کہتی ہوں کہ میں نماز پڑھتی ہوں، وقت ملے تو 5 وقت کی نماز پڑھتی ہوں، دورانِ سفر بھی اپنی جائے نماز ساتھ رکھتی ہوں۔
نصرت بھروچا نے کہا کہ میں جہاں بھی جاتی ہوں مجھے ایک جیسا سکون ملتا ہے کیونکہ میرا ہمیشہ سے یقین ہے کہ خدا ایک ہے مگر اس سے رابطہ کرنے کے لیے مختلف راستے ہیں اور میں ان تمام راستوں کو تلاش کرنا چاہتی ہوں۔
اُنہوں نے بتایا کہ صرف مختلف عبادت گاہوں میں جانے پر ہی نہیں بلکہ میرے لباس پر بھی تنقید کی جاتی ہے۔
بھارتی اداکارہ نے بتایا کہ جب بھی میں سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر شیئر کرتی ہوں تو ناقدین کی جانب سے کچھ اس قسم کے سوال اُٹھائے جاتے ہیں کہ ’اس کے کپڑے دیکھو، یہ کس طرح کی مسلمان ہے؟‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ناقدین کی تنقید مجھے تبدیل نہیں کرسکتی اور نا ہی مجھے مندر جانے یا نماز پڑھنے سے روک سکتی ہے، میں تنقید کے باوجود بھی یہ دونوں کام کرتی رہوں گی کیونکہ یہ میرا ایمان ہے۔
نصرت بھروچا نے یہ بھی کہا کہ جب انسان کے اپنے خیالات، روح اور دماغ صاف ہوں تو دنیا میں کوئی بھی اسے نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
Post Views: 1