لاہور:

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو انٹرپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس(آئی ایس سی) کا بانی چیئرمین نامزد کر دیا گیا ہے۔

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں قائم عالمی فورم دنیا بھر میں پارلیمانی مکالمے کو فروغ دینے، پائیدار ترقی کے اہداف کو آگے بڑھانے اور اہم عالمی چیلنجز جیسے کہ موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، اور پانی کی قلت پر بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے وقف ہے۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو اس اہم فورم کا بانی چیئرمین حالیہ کامیاب دورہ کوالالمپور کے دوران نامزد کیا گیا، جہاں انہوں نےآئی ایس سی کے آئندہ اجلاس سے متعلق خصوصی بریفنگ میں شرکت کی۔

یونیورسل پیس فیڈریشن(یو پی ایف) کے زیر اہتمام سیئول میں منعقد بین الاقوامی سربراہی اجلاس 2025 کے دوران ہوگی جہاں اس نامزدگی کی باقاعدہ تقریب ہوگی اور اجلاس میں 150 ممالک کے 500 مندوبین اور 45 پارلیمانی اسپیکرز شرکت کریں گے۔

یوسف رضا گیلانی کو ایک خصوصی ایوارڈ بھی پیش کیا گیا جس میں ان کے پارلیمانی سفارت کاری کے کردار اور عالمی امن و ترقی کے لیے کوششوں کو سراہا گیا، ان کی یہ نامزدگی نہ صرف پاکستان کی بین الاقوامی پارلیمانی ساکھ کو تقویت دیتی ہے بلکہ خطے میں پارلیمانی تعاون اور مکالمے کو بھی فروغ دیتی ہے۔

بریفنگ سیشن کے دوران اپنے خطاب میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئی ایس سی محض ایک کانفرنس نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی وژن ہے جو باہمی انحصار، مشترکہ خوش حالی اور عالمی اقدار پر مبنی ہے۔

انہوں نے تین ترجیحی شعبوں موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی اور پانی کی قلت پر خصوصی توجہ دینے کا اعلان کیا۔

عالمی پارلیمانی قیادت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مشترکہ نظریات کو پالیسی اقدامات میں تبدیل کریں تاکہ عالمی امن، علاقائی استحکام اور پائیدار ترقی کو ممکن بنایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس سی عالمی سطح پر پارلیمانی اشتراک، پالیسی سازی اور سفارتی شراکت داری کے ایک مؤثر فورم کے طور پر کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ اسپیکر ملائشیا معالی تن سری داتو’ ڈاکٹر جوہری بن عبدل، آئی ایس سی کے شریک چیئرمین آن چنگ وو لی، چیئرمین یو پی ایف انٹرنیشنل ڈاکٹر چارلس ایس یانگ، رکن پارلیمان نیپال ایک ناتھ دھکل، سینیٹر ملائشیا ڈاکٹر محمد متا مد رملی، سیکریٹری جنرل ایشین واٹر کونسل ڈاکٹر چو یونگ ڈاک اور معروف پاکستانی کاروباری شخصیت عثمان چوہدری پر مشتمل وفد بھی تھا۔

مزید برآں، چیئرمین سینیٹ نے اسپیکر ملائشیا سے ملاقات میں دو طرفہ پارلیمانی تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کی، جس کے بعد اسپیکر ملائشیا نے معزز مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا جبکہ سفیر پاکستان سید احسن رضا نے بھی چیئرمین گیلانی کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ ترتیب دیا۔

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ بین الاقوامی آئی ایس سی

پڑھیں:

فرسٹ ویمن بینک 4.1 ارب روپے میں یو اے ای کے نامزد ادارے کو فروخت

اسلام آباد:

 

وفاقی کابینہ نے جمعرات کو ایک ریاستی کمرشل بینک میں اپنی 100 فیصد حصص 14.6 ملین ڈالر (تقریباً 4.1 ارب روپے) میں متحدہ عرب امارات کی حکومت کے نامزد ادارے کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔

یہ فیصلہ مذاکراتی معاہدے کے تحت کیا گیا،ذرائع کے مطابق خریدار کو 5سال کے اندر بینک کے لیے کم از کم 10 ارب روپے کے سرمائے کی شرط پوری کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے، دسمبر 2024 تک بینک کی ایکویٹی 3.2 ارب روپے تھی، جس کے مطابق نیا خریدار مزید 6.8 ارب روپے شامل کرے گا تاکہ سرمائے کی شرط پوری کی جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کابینہ نے فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کے کل 82.64 فیصد سرکاری حصص متحدہ عرب امارات کی حکومت کے نامزد ادارے انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (IHC) کو فروخت کرنے کی منظوری دی۔

نجکاری کمیشن نے باضابطہ تبصرہ کرنے سے گریز کیا تاہم ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ یہ بظاہر ایک چھوٹا سودا ہے مگر خریدار کے عالمی مالیاتی مقام کی وجہ سے یہ ایک اہم پیش رفت ہے،وزیراعظم آفس نے بھی معاہدے کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

ذرائع کے مطابق یو اے ای کے ادارے نے بینک کی مجموعی مالیت تقریباً 5 ارب روپے (17.7 ملین ڈالر) مقرر کی۔ اس حساب سے حکومت کو اپنے 82.64 فیصد حصص کے بدلے 14.6 ملین ڈالر (4.1 ارب روپے) ملیں گے۔

یہ سودا بین الحکومتی کمرشل لین دین ایکٹ 2022 کے تحت کیا گیا جس کے تحت حکومت سے حکومت کے معاہدوں میں مقابلہ جاتی بولی کی شرط نہیں ہوتی تاہم نجکاری آرڈیننس 2001 کے مطابق کسی بھی سرکاری اثاثے کی فروخت مقابلہ جاتی بولی کے بغیر ممکن نہیں۔

ذرائع کے مطابق فروخت کا معاہدہ آج (جمعہ) وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں دستخط کیا جائے گا۔دلچسپ امر یہ ہے کہ IHC کوئی سرکاری ملکیتی ادارہ نہیں بلکہ ایک نجی کمپنی ہے، تاہم حکومت نے اسے IGCT قانون کے تحت شامل کیا کیونکہ قانون میں صرف غیر ملکی حکومت کی شمولیت ضروری ہے نہ کہ سرکاری ملکیت کا تناسب۔

شیخ تہنون بن زاید النہیان IHC کے چیئرمین ہیں۔ کمپنی کے مجموعی اثاثے تقریباً 240 ارب ڈالر کے ہیں اور اس کی 1,300 سے زائد ذیلی کمپنیاں، اثاثہ جاتی انتظام، صحت، رئیل اسٹیٹ، ٹیکنالوجی، مالیاتی خدمات، خوراک اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہیں۔

حکومتی عہدیدار کے مطابق 4.1 ارب روپے کی قیمت کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین (CCoIGCT) کے منظور کردہ 3.7 ارب روپے کے حوالہ جاتی ریٹ سے زیادہ ہے۔

فرسٹ ویمن بینک 1989 میں خواتین کی مالی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا تھا تاہم اسے عام بینکاری کاروبار کرنے کی بھی اجازت ہے۔

نجکاری کمیشن اب تک کوئی بڑا خسارے میں چلنے والا ادارہ، جیسے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں یا PIA، فروخت نہیں کر سکا، تاہم حکام کو امید ہے کہ پی آئی اے کا سودا نومبر کے آخر تک مکمل ہو سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • چین نے ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی میں عالمی قیادت سنبھال لی، وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی بیجنگ
  • صدر آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے نامزد سفیر شفقت علی کی ملاقات
  • ایچ ای سی میں مستقل چیئرمین نہیں، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری میں عجلت کی جا رہی ہے، ڈاکٹر محسن
  • فرسٹ ویمن بینک 4.1 ارب روپے میں یو اے ای کے نامزد ادارے کو فروخت
  • اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف سے مسلم ورلڈلیگ کے سیکرٹری جنرل اورمسلم اسکالرز آرگنائزیشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ ملاقات کررہے ہیں
  • بغداد : دھماکے میں پارلیمانی امیدوار صفا مشہدانی ہلاک
  • عدالتی آرڈر کے باوجود سہیل آفریدی کی بانی سے ملاقات نہ ہو سکی: بیرسٹر گوہر
  • پاکستان علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی
  • لبنان کے پارلیمانی انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے، نبیہ بیری
  • چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا عالمی یوم خوراک کے موقع پر پیغام، بھوک کے خاتمے اور غذائی تحفظ کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور