پی ایس ایل 10 کے حوالے سے کمشنر کراچی کے دفتر میں اعلیٰ سطحی اجلاس
اشاعت کی تاریخ: 9th, April 2025 GMT
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل 10 کو انتہائی بے مثال انداز میں آرگنائز کیا جائے گا اور کراچی کی انتظامیہ تمام اداروں کے ساتھ ملکر یہ کام انشا اللہ بخیر و خوبی انجام دے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےبدھ کو اپنے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا جس میں اعلیٰ فوجی وسول افسران اور مختلف سول اداروں کے سربراہان AIGP کراچی جاوید عالم اوڈھو،DIGP ٹریفک پیر محمد شاہ ،ایس ایس یو ایم بی کے ایم ڈی طارق علی نظامانی، ACK ون سید غلام مہدی شاہ، ACG ہاظم بھنگوار، نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے جی ایم ارشد خان اور دیگر جن میں DC ساؤتھ جاوید نبی کھو سو،ڈی سی ایسٹ ابرار جعفر اور دیگر موجود تھے۔
کمشنر کراچی نے اس موقع پر تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ شائقین کو بھرپور سہولیات فراہم کریں۔ ٹیموں کی گزر گاہوں کو خوبصورت بنائیں اور خیر مقدمی بینرز اور سجاوٹ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں ٹھنڈے پانی کی سہولتیں ہوں، صفائی ستھرائی کا بہترین انتظام ہو اور ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق ہو۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر KMC اور کراچی میئر کی انتظامیہ کھلاڑیوں کو تحائف پیش کرے گی۔
اس موقع پر اے آئی جی پی کراچی جاویدعالم اوڈھو ، DIGP ٹریفک پیر محمد شاہ اور کور 5 ہیڈکوارٹرز کے افسران نے مختلف تجاویز دیں جبکہ ایس ایس یو ایم بی کے ایم ڈی نے صفائی کے معاملات کے لئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
قبل ازیں NSK کے جنرل منیجر ارشد خان نے اجلاس کو پی ایس ایل 10 کے تمام پروگرام کی تفصیلات فراہم کیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
حکومت نے نیشنل امیگریشن اینڈ ویلفیئر پالیسی 2026 کا اجرا کر دیا
وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے نیشنل امیگریشن اینڈ ویلفیئر پالیسی 2026 کا اجرا کر دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان میں لیبر مائیگریشن کے نظم و نسق کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ پالیسی ہر اس پاکستانی سے کیے گئے قومی عزم کی عکاس ہے جو بہتر مواقع کی تلاش میں اپنا گھر چھوڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محفوظ اور منظم نقل مکانی، مہارتوں کی ترقی، کارکنوں کا تحفظ، تارکینِ وطن کی شمولیت اور وطن واپس آنے والوں کی بحالی اس پالیسی کے بنیادی ستون ہیں۔ تکنیکی جدت، آبادیاتی تبدیلیاں اور لیبر مارکیٹ کے بدلتے ہوئے تقاضے دنیا بھر کی معیشتوں کو نئی شکل دے رہے ہیں. اس لیے پاکستان کو اپنی افرادی قوت کو آج اور مستقبل دونوں کے مواقع کے لیے تیار کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل امیگریشن اینڈ ویلفیئر پالیسی 2026 اس سمت میں ایک اہم قدم اور پاکستان کی افرادی قوت کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگی۔چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ایک کروڑ 20 لاکھ پاکستانی دنیا بھر میں مقیم ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور محنت کی بدولت پاکستان کے سفیر بن چکے ہیں۔ گزشتہ مالی سال میں سمندر پار پاکستانیوں نے 41 ارب امریکی ڈالر سے زائد کی ترسیلاتِ زر وطن بھیجیں، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین رقم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے اور ان کی فلاح و بہبود ہماری قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی اداروں، تجربات اور شراکت داریوں کو ایک مشترکہ وژن کے تحت یکجا کرتی ہے تاکہ ہر پاکستانی کارکن نقل مکانی کے پورے سفر کے دوران بہتر طور پر تیار، محفوظ اور معاونت یافتہ ہو۔ اس پالیسی کا محور ہر اس پاکستانی کا سفر ہے جو مواقع کی تلاش میں اپنا گھر چھوڑتا ہے، جبکہ ذمہ داری روانگی سے پہلے ہی شروع ہو جاتی ہے، جہاں نوجوان کارکنوں کو متعلقہ مہارتیں، قابلِ اعتماد معلومات اور اخلاقی بھرتی تک رسائی فراہم کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پالیسی کی کامیابی وفاقی اور صوبائی حکومتوں، نفاذ کرنے والے اداروں، آجروں، تربیتی اداروں، ترقیاتی شراکت داروں، نجی شعبے اور سمندر پار پاکستانیوں کے باہمی تعاون سے مشروط ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں، آئی سی ایم پی ڈی (ICMPD)، دیگر ترقیاتی شراکت داروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا مشاورتی عمل میں تعاون پر شکریہ ادا کیا، جبکہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی مسلسل معاونت کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ ہجرت یا نقل مکانی غیر یقینی کا سفر نہیں بلکہ مواقع، وقار اور قومی ترقی کا راستہ ہونا چاہیے۔ آئیں مل کر ایسا مستقبل بنائیں جہاں ہر پاکستانی اعتماد کے ساتھ بیرون ملک جائے، فخر کے ساتھ وطن واپس آئے اور ہمیشہ ایک ایسی قوم سے جڑا رہے جو اس کی خدمات کی قدر اور عزت کرتی ہو۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس وژن کو عوام کے لیے بامعنی ترقی، پاکستان کے لیے دیرپا خوشحالی اور ہر سمندر پار پاکستانی اور اس کے خاندان کے روشن مستقبل کا ذریعہ بنائے۔