بھارت اور نیپال میں شدید بارش اور آسمانی بجلی، 100 سے زائد افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 11th, April 2025 GMT
لکھنؤ/کھٹمنڈو: بھارت اور نیپال کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، آسمانی بجلی گرنے اور طوفانی موسم نے تباہی مچا دی ہے۔ بدھ سے اب تک تقریباً 100 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید خراب موسم کی پیش گوئی کی ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات (IMD) نے بدھ کو ایک الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کے مغربی حصوں میں شدید گرمی کی لہر اور مشرقی و وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور طوفانی ہواؤں کا خطرہ موجود ہے۔
مشرقی ریاست بہار میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق بدھ سے اب تک 64 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اترپردیش، جو بھارت کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست ہے، وہاں 20 سے زائد افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
ادھر نیپال میں آسمانی بجلی اور تیز بارشوں کے باعث کم از کم 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نقصان کا تخمینہ بڑھ سکتا ہے۔
آئی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ ہفتے تک بھارت کے مشرقی و وسطی علاقوں میں مزید بارش اور طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ جنوبی بھارت میں مون سون کا آغاز عام طور پر جون میں ہوتا ہے، لیکن اس سال غیر معمولی موسمیاتی تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اپریل کے مہینے کو غیر معمولی گرم قرار دیا تھا، جس میں ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہا۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سورج بھی آگ برسانے لگا، گرمی کی شدید لہر آنے کا امکان۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
ملک کے مختلف حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع پشاور، مردان، سوات اور کوہاٹ میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع، خصوصاً لاہور، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ سندھ کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جہاں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ کراچی، سکھر، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں شدید گرم اور خشک موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع جن میں کوئٹہ، تربت، خضدار اور چمن شامل ہیں، میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جہاں چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کی توقع ہے، جو گرمی کی شدت میں کچھ کمی لا سکتی ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ کریں۔