خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 15 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید
اشاعت کی تاریخ: 26th, April 2025 GMT
راولپنڈی:
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تین کارروائیوں کے دوران 15 خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 اور 26 اپریل کی شب خیبرپختونخوا کے علاقے کرک، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں کارروائیاں کی گئیں۔
خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کرک میں فورسز نے کارروائی کی جس کے دوران 8 خوارج دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگئے۔
اس کے علاوہ شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران چار خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کے دو جوانوں لانس نائیک عثمان محمد اور سپاہی عمران خان 26 سال نے جام شہادت نوش کیا۔
شہید لانس نائیک عثمان خیبرپختونخوا کے ضلع چار سدہ جبکہ سپاہی عمران خان ضلع کرم کے رہائشی تھے۔
جنوبی وزیرستان کے عام علاقے گومل زام میں کارروائی کے دوران تین خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بھاری تعداد میں ایمونیشن برآمد ہوا ہے جبکہ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ باقی دہشت گردوں کا صفایا کیا جائے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے جانے والے خوارج دہشت گردی وارداتوں میں ملوث تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت، وزیراعظم، وزیر داخلہ نے خیبرپختونخوا میں خوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اس کے علاوہ شہید جوانوں کو خراج عقیدت جبکہ اہل خانہ کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز کے دوران
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔