بھارت کے خلاف حکومتی فیصلوں کی حمایت کرتے ہیں، بیرسٹر گوہر
اشاعت کی تاریخ: 29th, April 2025 GMT
راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کہتے ہیں کہ آج اگر بانی سے ملاقات ہوتی تو ان سے انڈیا کے ساتھ پیدا تناؤ پر بات کرتا، عمران خان نے پہلے ہی کہہ رکھا ہے کہ سوچیں گے نہیں جواب دیں گے، دشمن کے اقدامات کے مقابلے میں پاکستان نے جو بھی فیصلے کیے ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں، پاکستانی میڈیا پر پابندی سے انڈیا کے سیکولرازم کا پردہ چاک ہو گیا ہے۔
داہگل پولیس ناکے پر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر خان کا مزید کہنا تھا کہ ملاقاتوں میں رکاوٹ ڈالنا غیر مناسب ہے، عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے، لارجر بنچ اور سنگل بینچز کے آرڈر موجود ہیں لیکن ابھی تک عمل نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم انڈیا کے خلاف متحد ہوکر جنگ لڑنے کی بات کرتے ہیں تو ایسے میں رکاوٹیں ڈالنا نامناسب ہے، بانی پی ٹی آئی پاکستان کے مقبول لیڈر ہیں ان سے ایسے حالات میں مشاورت ضروری ہے، چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات میں ان کو بتایا کہ آپ اپنے احکامات پر عملدرآمد کرائیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ انڈیا میں پاکستانی نیوز چینلز پر پابندی کی مذمت کرتا ہوں، انڈیا اپنے غلط بیانیے کو دنیا کے سامنے پورٹریٹ کررہا ہے، انڈیا کیلئے فضائی حدود بند کرنا بہترین اقدام ہے، ہم نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اعلامیے کی حمایت کی ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی،اہم کھلاڑی پر فوری پابندی عائد
بنگلہ دیشی کرکٹر توحید ہریدوئے پر کوڈ آف کنڈیکٹ کی مزید خلاف ورزی پر 4 میچز کی فوری پابندی عائد کردی گئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے 77 ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھیلنے والے توحید اس وقت ڈھاکا کرکٹ لیگ میں محمڈن اسپورٹنگ کلب کی قیادت کررہے ہیں، پہلے ان پر ایک میچ کی پابندی عائد کی گئی تھی تاہم پلیئرز کی جانب سے اس پر احتجاج کے بعد اسے ایک برس کیلیے موخر کردیا گیا تھا مگر وہ باز نہیں آئے اور ہفتے کے روز غازی گروپ کے خلاف میچ میں دوبارہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کر بیٹھے۔
توحید کو امپائر کے فیصلے سے اختلاف کا مرتکب قرار دیا گیا، ان پر آن فیلڈ امپائرز منیر الزماں اور علی ارمان راجن، تھرڈ امپائر محمد قمرالزماں اور فورتھ آفیشل اکرام نے چارج عائد کیا، توحید ہریدوئے اس میچ میں کیچ ہونے کے بعد کچھ دیر کریز پر کھڑے رہے تھے،
اتوار کو جاری ہونے والے بی سی بی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہریدوئے نے اپنے خلاف چارج کو رد کرتے ہوئے فل ڈسپلنری سماعت کا مطالبہ کیا، جس پر انہیں امپائر ڈریسنگ روم میں معاملے کی سماعت کے شیڈول سے آگاہ کیا گیا مگر وہ وقت پر نہیں پہنچے۔
کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت میچ ریفری نے کارروائی کرتے ہوئے توجید ہریدوئے کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک پوائنٹ شامل کرنے کے ساتھ 10 ہزار ٹکا جرمانہ بھی کیا، اس ایک ڈی میرٹ پوائنٹ سے ہریدوئے کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی مجموعی تعداد 8 ہوگئی، 7 ان کو سابقہ خلاف ورزیوں پر دیے گئے تھے، اس طرح ان پر 4 میچز کی پابندی عائد کردی گئی جس کا فوری طور پر اطلاق ہوگا۔