وزارت خارجہ نے افغانستان کے 150 ٹرک براستہ واہگہ بھارت جانے کی اجازت دے دی
اشاعت کی تاریخ: 1st, May 2025 GMT
اسلام آباد:
وزارتِ خارجہ نے افغانستان کے سفارت خانے کی درخواست پر 150 افغان ٹرکوں کو واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت میں داخلے کی اجازت دے دی جو پہلگام واقعے کے سبب بند کردیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں افغان سفارتخانے کی جانب سے پاکستانی وزرات خارجہ سے درخواست کی گئی کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت چلنے والے ٹرک پاکستان کے مختلف بارڈر کراسنگ پر پھنس گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیاں برادرانہ تعلقات کے پیش نظر حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ کیا اور وزارت خارجہ کے مطابق 25 اپریل سے قبل پاکستان میں داخل ہونے والے افغان ٹرکوں کو واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت میں اشیا کی ترسیل کی اجازت دی گئی تھی۔
افغان سفارت خانے کی جانب سے 28 اپریل کو دی گئی درخواست کے جواب میں فیصلہ کیا گیا اور وزارت خارجہ نے 150 افغان ٹرکوں کی فہرست متعلقہ حکام کو بھجوا دی۔
مزید بتایا گیا کہ متعلقہ حکام کو وزارت خارجہ کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ مزید کوئی افغان ٹرک پھنسے ہوئے ہوں تو ان کی تفصیلات بھی جلد فراہم کی جائیں تاکہ کارروائی کی جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پی ٹی آئی کا 5 اگست کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان، اجازت بھی مانگ لی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پانچ اگست کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی نے عمران خان کی کال پر اسلام آباد کے ایف 9 میں جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس کی اجازت کیلیے ڈی سی اسلام اباد کو باضابطہ درخواست دے دی۔
تحریک انصاف کی طرف سے پی ٹی آئی اسلام آباد ریجن کے جنرل سیکرٹری ملک عامر علی نے ڈی سی اسلام اباد کو درخواست دی۔
ڈی سی اسلام آباد کو دی جانے والی درخواست پر پی ٹی آئی اسلام آباد ریجن کے صدر عامر مسعود مغل اور جنرل سیکرٹری ملک عامر علی کے دستخط ہیں۔
ملک عامر نے درخواست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج اور جلسہ کرنا پی ٹی آئی کا آئینی وقانونی حق ہے، عمران خان کی کال پر 5 اگست کو اسلام آباد میں جلسہ کریں گے۔
پی ٹی آئی نے درخواست میں کہا ہے کہ اسلام اباد میں پانچ اگست کی شام چار سے 10 بجے کے لیے ایف نائن پارک میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔