سینیٹر پروفیسر ساجد میر انتقال کرگئے
اشاعت کی تاریخ: 3rd, May 2025 GMT
لاہور، سیالکوٹ (ویب ڈیسک) مرکزی جمعیت اہلِ حدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر انتقال کرگئے ہیں، ان کی عمر 85 سال سے زائد اور وہ کچھ عرصہ سے علیل تھے ۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مہرے کے آپریشن کے باعث ان کی طبعیت ناساز رہتی تھی، اس سے قبل ان کو دل کی تکلیف بھی ہوئی تھی جس کے باعث ان کا بائی پاس کروایا گیا تھا۔
مرحوم ایک عظیم دینی، علمی، اور سیاسی شخصیت تھے، جنہوں نے ساری زندگی دینِ اسلام کی خدمت، علم و فہم کے لیے وقف کیے رکھی، 1963 ء میں انہوں نے پہلی بار تراویح کے دوران تلاوت سنائی ، والدہ جسے انہوں نے نہیں دیکھا تھا، ان کی خواہش پر ہی بڑے ہو کر رسمی پڑھائی چھوڑ کر قرآن پاک حفظ کیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) نے 1994 میں پہلی مرتبہ ساجد میر کو اپنی جماعت کے ٹکٹ پر پنجاب سے سینیٹر منتخب کرایا جس کے بعد کئی بار سینیٹ کے ممبر رہ چکے ہیں۔ بین المسالک ہم آہنگی کیلئے تیار ہونیوالے ضابطہ اخلاق کو بنانے والی کمیٹی کے سربراہ تھے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی مضبوطی میں بھی ان کا نمایاں کردار رہا۔
وہ کچھ سالوں تک نائیجیریا میں درس و تدریس سے بھی وابستہ رہے جہاں سے 1985 میں وہ پاکستان واپس آئے۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
مرکزی صدر جمیعت اہل حدیث سینیٹر پروفیسرساجد میر انتقال کر گئے
مرکزی صدر جمعیت اہل حدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر انتقال کر گئے۔فیملی ذرائع کے مطابق ساجد میر کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا، ساجد میر کی عمر 86 برس تھی۔ساجد میر 2 اکتوبر 1938 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے یونیورسٹی آف پنجاب لاہور سے اپنی تعلیم مکمل کی۔پروفیسر ساجد میر 2003 سے 2025 تک مسلسل سینیٹر رہے اور اس سے قبل بھی وہ 1994 سے 2000 تک بھی ایوان بالا کے رکن رہے، ساجد میر مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔ ساجد میر مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر بھی تھے اور وہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چیئرمین بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان اور سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا پروفیسر ساجد میر کی ملی اور قومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی جبکہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر اعتدال پسند، روشن فکر اور اتحاد واتفاق کے داعی تھے ۔