خوابوں سے نکل کر حقیقت پر مبنی معاشی فیصلے کرنا ہونگے: احسن اقبال
اشاعت کی تاریخ: 4th, May 2025 GMT
لاہور (کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے لیے برآمدات کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،نوجوان قیمتی اثاثہ ہیں، ملک کا روشن مستقبل "اڑان پاکستان" منصوبہ کی کامیابی سے وابستہ ہے۔ پاکستان کو زرعی معیشت سے ٹیکنو اکانومی میں تبدیل ہونا ہوگا،ملک ترقی کی چوتھی پرواز کے دہانے پر ہے ۔ استحکام اور وژن ہی کامیابی کی کنجی ہیں، اب غلطیوں کی کوئی گنجائش نہیں، بطور قوم ملکی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں بجٹ سمٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ریکٹر یو ایم ٹی ومعروف معیشت دان ڈاکٹر حفیظ پاشا،ڈاکٹر سلمان شاہ،سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، پیٹرن ان چیف ایف پی سی سی آئی ایس ایم تنویر،صدر آئی سی ایم اے غلام مصطفی قاضی،ڈین ،ڈائریکٹرز ،فیکلٹی ممبران ،اساتذہ ،طلبہ و طالبات اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا سیاست کوئی ڈرامہ نہیں ،ہم نے اپنی سیاست کو دائو پر لگا کر ملک کو دوبارہ مستحکم کیا ہے۔ گزشتہ دو سالوں کے دوران ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے، اگر ہم نے درست سمت میں ترقی کا سفر تیز کیا تو 2047ء میں بھارت کو بھی پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔ آبادی میں اضافہ بھی ترقی کی راہ میں ایک بہت بڑی رکاوٹ ہے ۔ہماری آبادی بڑھنے کی شرح 2 فیصد سے بڑھ کر 9فیصد تک پہنچ گئی ہے جس کو کنٹرول کرنا بہت ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں الف لیلوی خوابوں سے نکل کر حقیقت پر مبنی معاشی فیصلے کرنا ہوں گے، ملک کا مستقبل مرغی اور کٹے سے نہیں بلکہ ڈیجیٹل سکلز اور ٹیکنالوجی میں پوشیدہ ہے۔ تقریب کے آخر میں سوال جواب کا سیشن ہوا۔ شرکاء نے طلبہ کے سوالات کے جوابات دئیے۔ 18 ویں ترمیم سے 17 شعبے صوبوں کو منتقل ہوئے نچلی سطح پر ایک فیصد بھی منتقلی نہیں ہوئی۔ تمام اختیارات صوبائی حکومت کے پاس ہیں لیکن تعلیم صحت میں کوئی بہتری نہیں آئی تعلیم کی صورتحال بہت شرمناک ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
حالیہ علاقائی کشیدگی میں چین نے پاکستان کی غیر مشروط حمایت جاری رکھی، احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حالیہ علاقائی کشیدگی میں چین نے پاکستان کی غیر مشروط حمایت جاری رکھی ،سی پیک کا سفر کاغذ سے اربوں ڈالر کے منصوبے تک پہنچا ہے، پاک چین دوستی بدلتے حالات اور ہر دور میں نئی توانائی کے ساتھ مضبوط تر ہوتی جا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ سے ملاقات کے دوران کیا۔
قبل ازیں چینی نائب وزیر خارجہ نے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا پرتپاک استقبال کیا اور ملاقات میں باہمی دلچسپی ، سی پیک فیز ٹو کے تحت صنعتی اور بزنس ٹو بزنس تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں وزراء نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام چین کی قیادت تک پہنچا یا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ سن ویڈونگ کے پاکستان میں زمانہ سفارت کاری کے دوران ہم نے سی پیک کا سفر اربوں ڈالر کے منصوبے تک پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی میں چین نے پاکستان کی غیر مشروط حمایت جاری رکھی ،پاکستانی عوام چین کی قیادت اور عوام کی لازوال دوستی پر ناز کرتے ہیں، پاک چین دوستی بدلتے حالات اور ہر دور میں نئی توانائی کے ساتھ مضبوط ہوتی جا رہی ہے ۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ چین کی ترقی کا ماڈل ہمارے لئے مشعل راہ ہے ،پاکستان چین کے تجربات سے مستفید ہو کر برآمدات اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر معیشت کی تشکیل کی جانب گامزن ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اُڑان پاکستان کا فائیو ایز فریم ورک سی پیک فیز ٹو کے وژن سے ہم آہنگ ہے ، اُڑان پاکستان کا مرکزی مقصد عوام دوست اصلاحات کے ذریعے معاشی، سماجی اور معاشرتی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو میں صنعتی و تکنیکی شعبے اہم ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت عالمی امن کے لئے مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہماری ترجیح ایک باصلاحیت ، تعلیم یافتہ اور ہنر مند افرادی قوت کی تیاری ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ بزنس ٹو بزنس تعاون سے سی پیک کا دائرہ وسیع ہوگا۔
ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے کہا کہ چین مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے،پاکستان کے فائیو ایز فریم ورک سے معاشی استحکام اورخود انحصاری کے امکانات روشن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں میں قائدانہ اور کلیدی کردار پر چین میں احسن اقبال کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
???????????????? بیجنگ میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ سے اہم ملاقات کی، جس میں سی پیک فیز II کو صنعتی، تکنیکی اور کاروباری تعاون کے نئے دور میں داخل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
???? وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیرِاعظم… pic.twitter.com/Z0JCNmRX4H