جنوبی پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 4th, May 2025 GMT
لاہور:
جنوبی پنجاب میں گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد راجن پور اور بہاولپور کے رہائشی تھے، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اضلاع کے ڈی سیز سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے گی، انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے، قدرتی آفات کا مقابلہ ملکر اور باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام الناس سے درخواست کی کہ خراب موسم میں محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بجلی کے بڑے صارفین کے لیے نئی ڈیوٹی
پنجاب حکومت نے 500 کے وی اے سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر بجلی ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پنجاب فنانس ترمیمی بل 2025ء صوبائی اسمبلی سے کمیٹی کو بھیجے بغیر ہی منظور کرلیا گیا ہے۔ جس کے مطابق 500 کے وی اے سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صنعتی و کمرشل صارفین پر بجلی ڈیوٹی لاگو ہو گی۔ بل کے متن کے مطابق بجلی ڈیوٹی فی یونٹ 4 پیسے ہو گی۔ 500 کے وی اے تک بجلی استعمال کرنے والے صنعتی و کمرشل صارفین کو بجلی ڈیوٹی سے استثنا حاصل ہو گا جب کہ 500 کے وی اے سے بڑے جنریٹر رکھنے والے ادارے ٹیکس نیٹ میں لائے جائیں گے۔ پنجاب اسمبلی سے منظور بل کے مطابق تمام گھریلو صارفین بجلی ڈیوٹی سے مکمل مستثنا ہوں گے۔ نیشل گرڈ کے صنعتی و کمرشل صارفین سے بجلی ڈیوٹی ڈسکوز کے ذریعے حاصل ہو گی۔ نجی بجلی استعمال کرنے والے صنعتی و کمرشل صارفین سے الیکٹرک انسپکٹرز کے ذریعے بجلی ڈیوٹی وصول کی جائے گی۔ مجوزہ قانون کا اطلاق کمرشل اور صنعتی شعبے پر ہو گا۔ بل کے تحت پنجاب فنانس ایکٹ 1964 میں ترامیم کی جائیں گی اور اس بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔