وزیراطلاعات اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ، سیاسی قیادت کا بھارت کیخلاف بھرپور یکجہتی کا اظہار
اشاعت کی تاریخ: 5th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
ملک بھر کی سیاسی قیادت نے پاکستان کے خلاف بھارت کی کشیدگی کے دوران بھر پور یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجرجنرل احمد شریف نے پاک-بھارت کشیدگی کے دوران قومی سلامتی کے حوالے سے ملک بھر کی سیاسی قیادت کو پاکستان ٹیلی ویژن سینٹر اسلام آباد میں ان کیمرا بریفنگ دی۔
ترجمان پاک فوج نے بریفنگ کے دوران کہا کہ اگر پاکستان پر جارحیت مسلط کی جاتی ہے تو افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
ان کیمرا سیشن میں موجودہ کشیدہ حالات کے پیش نظر قومی سلامتی کے امور زیر غور آئے اور پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے تناظر میں ہونے والے سیشن میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے سیاسی جماعتوں کے شریک رہنماؤں کو پاک فوج کی تیاریوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان ایک پُر امن ملک ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے لیکن اگر پاکستان پر جارحیت مسلط کی جاتی ہے تو افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے علاوہ ان کیمرہ سیشن میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے سیاسی قائدین کو حکومتی سفارتی اقدامات اور ریاستی مؤقف سے بھی اگاہ کیا۔
اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے علی حیدر گیلانی، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق۔ جمعیت علماء اسلام کے نور عالم خان، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت کھیل داس، وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک، محسن شاہنواز رانجھا بھی شامل تھے۔
دیگر رہنماؤں میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال، وفاقی وزیر امیر مقام، وزیرمملکت بلال اظہر کیانی، پاکستان پیپلز پارٹی کے قمر زمان کائرہ اور خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ محمود خان، سندھ کے وزرا ناصرشاہ، شرجیل میمن اور سعید غنی، پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز بدر بھی موجود تھے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: وفاقی وزیر ایس پی
پڑھیں:
سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے بھارتی منصوبہ ناکام بنا دیا، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی پریس کانفرنس
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ’آپریشن سندور‘ کی ناکامی کے بعد جھوٹی معلومات اور پروپیگنڈے کی مہم شروع کر دی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارتی میڈیا پاک بھارت کشیدگی کے دوران ہمیشہ بے بنیاد دعوے کرتا رہا، کبھی کہا گیا کہ لاہور بندرگاہ تباہ کر دی گئی اور کبھی ملتان بندرگاہ پر حملے کے دعوے سامنے آئے، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز نے ایک شخص اعجاز ملاح کو گرفتار کیا اور بھارتی انٹیلیجنس ایجنسیوں نے اسے پاکستان کے خلاف کام کرنے پر مجبور کیا۔
اعجاز ملاح کو یہ ہدایت دی گئی کہ وہ پاکستان آرمی کی وردیاں، پاکستانی کرنسی، سگریٹ اور ماچسیں اپنے ساتھ لائے تاکہ بھارت ان اشیا کے ذریعے پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کر سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اعجاز ملاح کو گرفتار کرلیا، جس سے بھارتی منصوبہ ناکام ہوگیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت پاکستان کی فوجی اور سفارتی کامیابیاں برداشت نہیں کر پا رہا، اسی لیے وہ من گھڑت بیانیہ بنا کر عالمی سطح پر گمراہ کن مہم چلا رہا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران اعجاز ملاح کی ویڈیو بھی میڈیا کے سامنے پیش کی گئی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈہ بے نقاب ہو چکا ہے، پاکستان اپنی سرزمین اور قومی بیانیے کے دفاع کے لیے ہر سطح پر مؤثر اقدام کرتا رہے گا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں