روس؛ فائرنگ کے واقعے میں 3 پولیس اہلکار ہلاک اور 4 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 5th, May 2025 GMT
روس کے ایک علاقے میں پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ میں تین اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ روس کے جنوبی مسلم اکثریتی علاقے داغستان کے دارالحکومت ماخاچکالا میں پیش آیا۔
علاقائی گورنر سرگئی میلیکوف کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تھی۔
گاڑی میں سوار ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں دو حملہ آور بھی مارے گئے۔
مارے گئے افراد کی عمریں 24 برس کے درمیان ہیں فرار ہونے والوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
چار پولیس اہلکار کے ساتھ متعدد شہری بھی زخمی بھی ہیں جن میں ایک 17 سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ روس کا علاقہ داغستان، بحیرہ کیسپیئن کے کنارے واقع ہے اور یہاں گزشتہ چند برسوں سے شدت پسندوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
یاد رہے کہ مارچ 2024 میں روسی فورسز نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے داعش سے وابستہ چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جو وزارت داخلہ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
اسی طرح گزشتہ برس جون میں داغستان میں مذہبی اور سکیورٹی اداروں پر ایک مربوط حملے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
تاحال اس حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
نوشکی دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، مجموعی تعداد 13 ہوگئی
بلوچستان کے ضلع نوشکی کے قریب آئل ٹینکر دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نوشکی دھماکے میں جھلسنے والے ایک اور زخمی نے کراچی کے اسپتال میں دم توڑ دیا، جس کے بعد واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد13ہوگئی ہے۔
ایدھی حکام کے مطابق بلوچستان کے علاقے نوشکی کے قریب آئل ٹینکر کے اندر دھماکے کے نتیجے میں جھلسنے والوں میں ایک اور زخمی دم توڑ گیا۔ متوفی کی شناخت 33 سالہ جہانزیب کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والے 24 افراد میں سے 13 دوران علاج دم توڑ چکے ہیں۔ جن کی لاشیں غسل اور کفن کے بعد نوشکی روانہ کی جاچکی ہے۔
افسوسناک واقعے میں جھلس کر جاں بحق ہونے والوں میں محمود احمد، طیب کریم شاہ، جہانزیب انور، سلمان اختر، عزیز احمد، محمد فیض، عبدالباسط رفیق، مصطفی آغا محمد، تنویر کریم، امین اللہ خاکی، شاکر عبدالمالکم ادریس نبی داد اور جہانزیب شہزاد شامل ہیں۔