بھارتی جارحیت سے شہریوں کی شہادت؛ سپریم کورٹ میں تعزیتی اجلاس منعقد
اشاعت کی تاریخ: 8th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اور سپریم کورٹ کے تمام ججز نے ایک رسمی تعزیتی اجلاس منعقد کیا۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بھارتی فوج کے وحشیانہ اور بلا اشتعال حملوں میں بے گناہ پاکستانی شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔
ججز نے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ شرکا نے بھارتی جارحیت کی مذمت بھی کی۔ اجلاس میں شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے صبر کی دعا کی گئی۔
دریں اثنا سپریم کورٹ بار کی جانب سے بھارتی جارحیت کےخلاف پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی، جو عدالت عظمیٰ سے پارلیمنٹ ہاؤس تک نکالی گئی۔ ریلی میں شریک وکلا نے بھارت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سپریم کورٹ
پڑھیں:
بحریہ ٹاؤن نے جائیدادوں کی نیلامی رکوانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا
بحریہ ٹاؤن نے اپنی جائیدادوں کی نیلامی رکوانے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل میں نیلامی کا عمل روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف فاروق ایچ نائیک کے توسط سے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔
بحریہ ٹاؤن نے اپیل میں استدعا کی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی جائے اور اپیل پر فیصلے تک بحریہ ٹاؤن کی 7 اگست کی جائیدادوں کی نیلامی کا عمل روکا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کی جائیداد کی نیلامی روکنے کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) کو بحریہ ٹاؤن کی پراپرٹیز نیلام کرنے کی اجازت دے دی تھی۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے اس حوالے سے مختصر فیصلہ جاری کیا تھا۔
اس سے قبل نیب نے ملک ریاض کی جائیدادوں کی نیلامی کے لیے تاریخ مقرر کردی تھی۔
نیب کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ملک ریاض کی جائیدادوں کی نیلامی 7 اگست کو نیب کے راولپنڈی آفس اور جی سکس ون اسلام آباد میں ہوگی۔
جن جائیدادوں کی نیلامی کی جا رہی ہے ان میں بحریہ ٹاؤن کارپوریٹ آفس ٹو پلاٹ نمبر ڈی سیون پارک روڈ، بحریہ ٹاؤن فیز ٹو راولپنڈی شامل ہیں۔
نیلامی میں پلاٹ نمبر ای سیون پارک روڈ، بحریہ ٹاؤن فیز ٹو راولپنڈی بحریہ ٹاؤن کارپوریٹ آفس بھی شامل ہیں، روبیش مارکی اینڈ لان، بحریہ گارڈن سٹی، نزد بحریہ گارڈن سٹی گالف کورس اور بحریہ ٹاؤن اسلام آباد بھی نیلام ہوں گی۔
ملک ریاض کی دیگر جائیدادوں کی نیلامی بھی 7 اگست کو عمل میں لائی جائے گی۔