ہمارے نیوز چینلز مذاق بن چکے ہیں! سوناکشی سنہا نے بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لے لیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, May 2025 GMT
بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران جہاں ہر طرف جنگ کا ماحول ہے وہیں بالی وُوڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خوف و ہراس پھیلانے اور غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے باز آئے۔
سوناکشی سنہا نے مزید کہا کہ ہمارے نیوز چینلز ایک مذاق بن چکے ہیں۔ جو مبالغہ آرائی، چیخنے چلّانے والی آوازوں کے ساتھ وہ ڈرامہ دکھا رہے ہیں جس سے دماغ گھوم گیا ہے۔
اداکارہ نے سوال اُٹھایا کہ آخر یہ سب کیا ہو رہا ہے؟ میڈیا والے اپنا کام صحیح طریقے سے کریں، صرف سچ دکھائیں۔ جنگ کو سنسنی خیز بناکر عوام میں خوف پیدا نہ کریں۔
سوناکشی سنہا نے عوام کو بھی مشورہ دیا کہ صرف قابلِ بھروسا خبرنامہ دیکھیں۔ خبروں کے لیے ایسے ذرائع تلاش کریں جس پر اعتماد کیا جا سکے اور صرف اُسی پر توجہ دیں۔
اداکارہ نے عوام کو مخاطب کرکے مزید کہا کہ آپ لوگ یہ کچرا دیکھنا بند کریں جو یہ الٹے سیدھے نیوز چینلز دکھا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اپنے اس بیان میں سوناکشی سنہا نے وزارت دفاع کی یہ ہدایت بھی شامل کی جس میں میڈیا اور عوام کو خبردار کیا کہ محاذ جنگ پر جاری آپریشنز کی لائیو رپورٹنگ سے گریز کیا جائے۔
وزارت دفاع نے مزید ہدایت کی تھی کہ ایسی معلومات سے نہ صرف آپریشنز کو نقصان پہنچ سکتا ہے بلکہ فوجیوں کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
سوناکشی سنہا کی اس سوشل میڈیا پوسٹ کی کچھ صارفین نے ان کے حق گوئی اور جرات مندی کو سراہا جب کہ کچھ نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے غدار قرار دیدیا۔
TagsShowbiz News Urdu.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: سوناکشی سنہا نے
پڑھیں:
عالمی سطح پر بھارتی گودی میڈیا کا جھوٹ اور پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا، الجزیرہ کی چشم کشا رپورٹ
دوحہ: معروف عالمی جریدے الجزیرہ نے بھارتی گودی میڈیا کے منظم جھوٹ، سنسنی خیزی اور نفرت انگیز پروپیگنڈے کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ بھارت میں ریاستی سرپرستی کے تحت میڈیا کو ہندوتوا نظریہ کے فروغ اور پڑوسی ممالک کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق، بھارتی میڈیا پر اعتبار کا بحران سب سے زیادہ خود بھارت کے اندر محسوس کیا جا رہا ہے، جہاں میڈیا ادارے بتدریج سیاسی اور کارپوریٹ اتحادیوں کے قبضے میں جا رہے ہیں۔
بھارتی صحافی مینا کشی راوی نے کہا کہ "ہندوستانی میڈیا اب آزاد صحافت کا ذریعہ نہیں بلکہ پروپیگنڈا ٹول بن چکا ہے، جو پڑوسی ممالک کے خلاف نفرت اور ہندوتوا سیاست کو بڑھاوا دیتا ہے۔"
صحافی سمیتہ شرما نے بھی بھارتی ٹی وی چینلز پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "بھارت میں ٹی وی صحافت اعتبار کے شدید بحران کا شکار ہے، جہاں زیادہ شور اور کم معلومات پیش کی جاتی ہیں۔" انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی چینلز نے ماضی میں پاکستان کے لاہور اور کراچی پر قبضے کے جعلی دعوے بھی نشر کیے۔
ہمال ساؤتھ ایشین کے ایڈیٹر رومن گوتھم کے مطابق، "بھارتی میڈیا کا مقصد عوام کو حقیقت بتانا نہیں بلکہ سرکاری بیانیے کو تقویت دینا ہے۔"
الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ بھارت میں تنقیدی صحافیوں کو پولیس کارروائیوں، مقدمات اور ملازمتوں سے محرومی کے ذریعے خاموش کیا جا رہا ہے، جس کے باعث عالمی پریس فریڈم انڈیکس میں بھارت کی درجہ بندی مسلسل گرتی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، بھارت کا گودی میڈیا — جو ریاستی سرپرستی میں جھوٹ، پروپیگنڈا اور ہندوتوا نظریہ کو پھیلا رہا ہے — اب دنیا بھر میں بے نقاب ہو چکا ہے۔