راولپنڈی، ڈولفن پولیس کے اہلکار شہری سے 2 موبائل اور نقدی چھین کر فرار
اشاعت کی تاریخ: 14th, May 2025 GMT
راولپنڈی میں تعینات عوام کے محافظ شہری سے نقدی اور موبائل فون چھین کر لے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ چکلالہ کے علاقے میں ڈولفن فورس کے اہلکار شہری سے نقدی اور موبائل فون لے اڑے۔
متاثرہ شہری رانا عبد الوحید نے تھانہ چکلالہ پولیس میں اپنے ساتھ پیش آئی واردات کے حوالے سے درخواست دی جس میں اُس نے مؤقف اختیار کیا کہ ’میں رحیم آباد پل کے قریب سے گھر جارہا تھا کہ ڈولفن فورس کے ہیوی بائیک پر سوار دو اہلکاروں نے روکا‘۔
شہری کے مطابق ڈولفن پولیس کے اہلکاروں نے تلاشی لینے کے دوران 2 بٹنوں والے فون اور جیب سے بٹوہ جس میں نقدی و کارڈ، چابی وغیرہ تھے نکال لیے اور پھر دونوں پولیس اہلکار ایئرپورٹ کی جانب چلے گئے۔
متاثرہ شہری کے بقول میں نے پولیس اہلکاروں کو آوازیں دیں مگر وہ نہ رکے اور موٹرسائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوگئے۔
شہری کے مطابق تھانے میں درخواست دی ہے لیکن ٹیگ نمبر نہیں دیاگیا۔ دوسری جانب پولیس نے شہری کی جانب سے شکایات موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: لیاقت آباد میں کار سوار ملزمان مویشیوں سے بھرا ٹرک چھین کر فرار
کراچی:لیاقت آباد میں کار سوار ملزمان مویشیوں سے بھرا ٹرک چھین کر فرار ہوگئے۔
عید قربان کے قریب آتے ہی شہر میں مویشی چھیننے کی واردات شروع ہوگئیں، بھینس کالونی سے خریدے گئے مویشی لیاقت آباد کے قریب چھین لیے گئے، واردات تعاقب کرتے کار سوار ملزمان نے انجام دی۔
متاثرہ شہری محمد نعیم قریشی ٹرک میں 3 مویشی لاد کر اورنگی ٹاوٴن کی جانب جارہا تھا، ڈاکوٴوں نے اسلحے کے زور پر ڈرائیور کو ٹرک سے اتارکر اپنی گاڑی میں سوار کیا۔
ملزمان مویشیوں سے بھرا ٹرک خود لیکر روانہ ہوگئے، کچھ فاصلے پر جاکر ٹرک ڈرائیور کو بھی اتاردیا، خالی ٹرک نیپا چورنگی کے قریب سے مل گیا۔
مویشی چھیننے کی واردات 9 مئی کوانجام دی گئی، واقعے کا مقدمہ 10 مئی کو لیاقت آباد میں متاثرہ شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
کئی روز گزر جانے کے باوجود چھینے گئے مویشیوں کا سراغ نہ مل سکا، چھینے گئے مویشیوں کی قیمت 6 لاکھ روپے سے زائد تھی۔