WE News:
2025-05-15@15:34:46 GMT

5 ہزار پاکستانی گداگرڈی پورٹ ، سب سے زیادہ کس صوبے سے ہیں؟

اشاعت کی تاریخ: 15th, May 2025 GMT

5 ہزار پاکستانی گداگرڈی پورٹ ، سب سے زیادہ کس صوبے سے ہیں؟

سعودی عرب نے گزشتہ 16 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 5033 پاکستانی بھکاریوں کو ڈی پورٹ کیا، جبکہ مزید 369 افراد کو پانچ دیگر ممالک میں بھیک مانگنے پر پکڑا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں گداگری کرنے والے 10 پاکستانی ڈی پورٹ، واپسی پر گرفتار

یہ معلومات گزشتہ روز کو قومی اسمبلی کے سامنے وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی ایم این اے سحر کامران کے ایک سوال کے تحریری جواب میں فراہم کی۔

وزیر داخلہ کی جانب سے فراہم کردہ سرکاری اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ جنوری 2024 سے اب تک سعودی عرب، عراق، ملائیشیا، عمان، قطر اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے مجموعی طور پر 5,402 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔

سال 2024 میں ان ممالک سے 4,850 پاکستانی شہریوں کو ڈی پورٹ کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اس سال 552 پاکستانی واپس آئے ہیں۔ اس کے علاوہ 369 افراد پانچ دیگر ممالک میں بھیک مانگتے ہوئے پکڑے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:دبئی میں گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 9 افراد گرفتار

ان اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 52 فیصد جلاوطن افراد کا تعلق سندھ سے ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ صوبے کے حساب سے اعداد و شمار کی بریک اپ سے پتا چلتا ہے کہ ان ممالک سے ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں سے زیادہ تر کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔

ان ممالک سے بھیک مانگنے کے الزام میں ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں صوبے کے کل 2795 افراد شامل ہیں، جب کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد کی تعداد 1437 ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق 6 ممالک سے ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں خیبرپختونخوا سے 1002، بلوچستان سے 125، آزاد کشمیر سے 33 اور اسلام آباد سے 10 افراد شامل ہیں۔

سعودی عرب کے بعد عراق سے سب سے زیادہ 247 پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات، جس نے حکومت پاکستان سے اس معاملے کو زیادہ بھرپور طریقے سے اٹھایا اور پاکستانی شہریوں کے ویزوں پر سخت پابندیاں عائد کیں، اس عرصے کے دوران اب تک ایسے 58 افراد کو ملک بدر کر چکا ہے۔

واضح رہے کہ سحر کامران کی جانب سے گزشتہ 3 برس کا ڈیٹا طلب کیا گیا تھا، لیکن وزیر داخلہ نے جنوری 2024 سے شروع ہونے والی مدت کی تفصیلات فراہم کیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

پاکستان سحرکامران سعودی عرب عراق گداگر محسن نقوی وزیرداخلہ یو اے ای.