کسی دھمکی سے مرعوب نہیں ہونگے، پاکستان کا ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق بھارتی بیان پر شدید ردعمل
اشاعت کی تاریخ: 15th, May 2025 GMT
اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کے پاکستانی ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق بیان کو قابل مذمت قرار دیدیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت بھارت کو روایتی محاذ پر روکنے کیلئے کافی ہے، پاکستان کسی دھمکی سے مرعوب نہیں ہوگا، بھارت میں ایٹمی مواد کی چوری اور اسمگلنگ پر عالمی برادری کو تشویش ہونی چاہئے۔
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کا کنٹرول بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کو سنبھال لینا چاہیے۔
راج ناتھ سنگھ کا سری نگر میں فوجیوں سے خطاب میں ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کیا ایٹمی ہتھیار ایسی غیر ذمہ دار اور بدمعاش قوم کے ہاتھ میں محفوظ ہیں؟، میرا ماننا ہے کہ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کو آئی اے ای اے کی نگرانی میں لیا جانا چاہیے۔
پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق بیان کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت بھارت کو روایتی محاذ پر روکنے کیلئے کافی ہے، بھارت خود ساختہ ایٹمی بلیک میلنگ میں مبتلا ہے، پاکستان کسی دھمکی سے مرعوب نہیں ہوگا۔
پاکستان کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان بین الاقوامی اداروں کے مینڈیٹ سے لاعلمی ظاہر کرتا ہے، آئی اے ای اے کے دائرہ اختیار کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں ایٹمی مواد کی چوری اور اسمگلنگ پر عالمی برادری کو تشویش ہونی چاہئے، بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر سے تابکار ڈیوائس چوری ہوئی، گزشتہ سال دیہرادون کے علاقے سے 5 افراد ڈیوائس سمیت پکڑے گئے، ایک اور گروہ سے انتہائی زہریلا تابکار مادہ کیلیفورنیم برآمد ہوا، بھارتی گروہ سے برآمد کیلیفورنیم کی مالیت 10 کروڑ امریکی ڈالر تھی۔
پاکستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت میں 2021ء کے دوران کیلیفورنیم کی چوری کے 3 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کی 6 اور 7 مئی کی رات جارحیت کے جواب میں پاکستان ایئر فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس میں رافیل سمیت 5 بھارتی طیارے تباہ ہوگئے تھے۔
بھارت کی جانب سے مسلسل جارحیت کے جواب میں پاکستان نے 10 مئی کو آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا اور چند گھنٹوں میں 10 سے زائد بھارتی ایئر بیسز، اسلحہ ڈپو اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس میں بھارت کا شدید نقصان ہوا۔
بھارت نے پاکستان کے بھرپور جواب پر امریکا سے رابطہ کیا اور جنگ بندی پر رضا مندی ظاہر کردی، جس کا پاکستان نے مثبت جواب دیا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: بھارتی وزیر دفاع ایٹمی ہتھیاروں پاکستان نے کہ پاکستان راج ناتھ کہ بھارت
پڑھیں:
پاکستان ٹیم کی ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شرمناک شکست پر شعیب اختر کا ردعمل سامنے آگیا
کراچی:سابق قومی فاسٹ بولر شعیب اختر نے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں بھاری شکست کے بعد پاکستانی ٹیم پر کڑی تنقید کی ہے۔
تیسرے ون ڈے میں پاکستان ٹیم کی شکست کے بعد سرکاری ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے کردار پر بھی سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے کوچ بطور ٹی ٹوئنٹی کوچ اچھے ہیں مگر ون ڈے فارمیٹ میں ان کا انداز سمجھ سے باہر ہے۔
شعیب اختر نے کہا کہ ون ڈے میں کامیابی کے لیے بیٹنگ، بولنگ اور اسپن سمیت تمام شعبوں میں آزمودہ کھلاڑیوں کو کھلانا ہوگا۔ اگر آپ معیاری آل راؤنڈرز اور پرفارمرز شامل نہیں کریں گے تو 50 اوور مکمل نہیں ہو پائیں گے، اس فارمیٹ میں بس گزارا نہیں چلتا۔
انہوں نے شکست کی ذمہ داری کھلاڑیوں کے بجائے پالیسیوں پر ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ نتیجہ غلط فیصلوں کا ہے، کھلاڑیوں کا قصور نہیں۔ سیم پچز پر ہمیشہ یہی حال ہوگا۔ اب اس ری بلڈنگ کو نیا نام دے دیا گیا ہے کہ کمبی نیشن بنا رہے ہیں۔
شعیب اختر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ شکر کریں پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک یہاں نہیں تھے۔ جہاں بھی ایسی کنڈیشنز ہوں گی، ہمارے کھلاڑی بے نقاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے 34 سال بعد پاکستان کو ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے۔ یہ کامیابی کیریبین ٹیم کی پاکستان کے خلاف 10 سیریز میں مسلسل ناکامی کے بعد پہلی فتح ہے۔ آخری بار ویسٹ انڈیز نے نومبر 1991 میں پاکستان میں سیریز جیتی تھی۔
سیریز کے فیصلہ کن میچ میں ویسٹ انڈیز نے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے۔ کپتان شائی ہوپ نے 120 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ جسٹن گریوز نے 43 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا۔ ایون لیوس (37) اور روسٹن چیز (36) نے بھی نمایاں بیٹنگ کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی اور پوری ٹیم 29.2 اوورز میں صرف 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کپتان سلمان علی آغا 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد نواز 23 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، حسن نواز نے 13 رنز بنائے جبکہ اوپنر صائم ایوب، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، حسن علی اور ابرار احمد کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔