افغانستان سے تجارت کو سہولت دینے کیلیے ای امپورٹ فارم چھوٹ کی مدت میں توسیع
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
اسلام آباد:وفاقی حکومت نے اشیاء کی درآمد پر دی جانے والی الیکٹرانک امپورٹ فارم سے چھوٹ کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت تجارت نے مدت میں 14جون 2025 تک توسیع کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔پاکستان اور افغانستان میں باہمی تجارت کو مشکل صورتحال سے بچانے کے لیے الیکٹرانک امپورٹ فارم سے استثنا کی مدت میں توسیع دی گئی ہے۔افغانستان سے بینکنگ چینل استوار ہونے تک درآمدات کو ای آئی ایف سے استثنا دیا گیا ہے۔ افغانستان سے درآمدات روپے میں سیٹل کرنے کی آخری تاریخ 15 مئی 2025 تھی۔وزارت تجارت کے مطابق آخری تاریخ سے قبل شراکت داروں سے مشاورت کرکے تجاویز حکومت کو دینا تھیں لیکن مقررہ مدت کے دوران شراکت داروں کے ساتھ مشاورت مکمل نہیں ہو سکی .
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ٹی ٹی پی اور ’’را‘‘ کی افغانستان میں موجودگی، پاکستان کا طالبان حکومت کو سخت پیغام
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان نے افغان سفیر کو طلب کر کے طالبان حکومت سے تحریک طالبان پاکستان سے دوری کا مطالبہ کیا ہے اور ٹی ٹی پی اور’’ را‘‘ کی افغانستان میں موجودگی کے خلاف سخت پیغام دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے افغان طالبان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے دوری اختیار کرے اور اپنی سرزمین سے انہیں ختم کرنے کے اپنے وعدوں کو پورا کرے۔
اسلام آباد نے یہ پیغام پاکستان میں تعینات افغان عبوری سفیر سردار احمد شکیب کے ذریعے پہنچایا، جنہیں حال ہی میں دفتر خارجہ طلب کیا گیا تھا، انہیں واضح اور دو ٹوک الفاظ میں آگاہ کر دیا گیا ہے کہ افغان طالبان حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ ان کی سرزمین دہشت گردی کی مذموم سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہو۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے سفیر کو فتنہ الخوارج دہشت گردوں کی حالیہ سرگرمیوں میں اضافے کے پیش نظر طلب کیا، یہ دہشت گرد افغانستان کی سرزمین پر پناہ لیے ہوئے ہیں اور انہیں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے مکمل مالی امداد اور سرپرستی حاصل ہے۔
اعلیٰ سفارتی ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ افغان عبوری سفیر سردار احمد شکیب کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا تھا، ایڈیشنل فارن سیکرٹری سید علی اسد گیلانی نے طالبان کے نمائندے کو پاکستان کا انتباہ پہنچایا۔
دریں اثنا، افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی نمائندے، محمد صادق خان متحدہ عرب امارات سے واپس آ گئے ہیں، جہاں وہ افغانستان سے متعلق ایک غیر اعلانیہ مشن پر گئے تھے، وہ اپنی کارروائی کے بارے میں ایک تفصیلی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کریں گے، امکان ہے کہ وہ اسی ہفتے سینئر حکام کے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے کابل جائیں گے۔
Post Views: 3