خضدار، سکول بس پر دہشتگردوں کا حملہ، 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید
اشاعت کی تاریخ: 21st, May 2025 GMT
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں نے سکول بس کو نشانہ بنایا۔ حملے میں متعدد بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے علاقے خضدار میں سکول بس پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں سکول کی بس تباہ ہو گئی، سکول بس میں سوار 3 بچے اور 2 اساتذہ جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 38 زخمی بچوں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، مزید معلومات سامنے آنے پر میڈیا اور عوام سے شیئر کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردی میں حالیہ دنوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، کالعدم تنظیموں کے دہشتگرد معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں تیزی لانے کی کوشش کر رہی ہیں تاہم سکیورٹی فورسز نے ان کی متعدد وارداتیں ناکام بنائی ہیں۔
ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے خضدار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دشمن نے بربریت کا مظاہرہ کر کے معصوم بچوں پر حملہ کیا، سکول بس پر حملہ دشمن کی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے، قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ جاں بحق بچوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق بچوں کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہیں، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
ہنگو: پولیس قافلے پر حملہ، ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار زخمی
— فائل فوٹوخیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس قافلے کو آئی ای ڈی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہنگو کے علاقے دوآبہ میں ہونے والے بم حملے کے بعد پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قافلے میں ایس پی انویسٹی گیشن عبدالصمد، ڈی ایس پی ٹل مجاہد اور ایس ایچ او عمران الدین جارہے تھے۔
پولیس کے مطابق حملے میں ایس ایچ او تھانہ دوآبہ عمران الدین سمیت سب انسپکٹر جہاد علی اور ڈسٹرکٹ اسپیشل برانچ کا اہلکار عابد بھی زخمی ہوا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ہنگو میں ہونے والے بم دھماکے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر تین پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہوگئے تھے۔