بلوچستان میں اسکول بس حملے کے بعد خیبرپختونخوا میں سیکورٹی ایڈوائزری جاری
اشاعت کی تاریخ: 21st, May 2025 GMT
بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر دہشت گردانہ حملے کے بعد خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے بھر کے اسکولوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے جامع ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس میں پشاور سمیت دیگر اضلاع کے اسکولوں کے لیے سخت سیکورٹی ہدایات دی گئی ہیں۔
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے اسپیشل سیکرٹری قیصر عالم نے بتایا کہ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (ڈی ای اوز) اور اسکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر سیکورٹی سروے کریں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر جامع سیکورٹی پلان ترتیب دیں۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا موثر نظام قائم کیا جائے، تربیت یافتہ سیکورٹی گارڈز تعینات کیے جائیں، اور تمام اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔
ایڈوائزری میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ اسکولوں میں ایمرجنسی الرٹ سسٹم اور ایگزٹ پلان مرتب کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
طلبا کے لیے سکیورٹی سے متعلق آگاہی سیشنز کے انعقاد کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وہ ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ ہوں۔
سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن قیصر عالم نے کہا کہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا اسکولوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ طلبا اور اساتذہ کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کے لیے
پڑھیں:
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا اسکولوں میں خود پڑھانے کا اعلان
لاہور : پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ٹیچر بننے کا اعلان کردیا۔رانا سکندر حیات نے ستمبر کے پہلے ہفتے سے انگلش اور کیمسٹری سمیت دیگر مضامین کی تدریس کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں ستمبر کے پہلے ہفتے سے کلاس کو پڑھاناشروع کروں گا، انگلش اور کیمسٹری میرے پسندیدہ مضمون ہیں لہٰذا ان ہی مضامین سے شروع کروں گا۔وزیر تعلیم نے کہنا ہےکہ پرائمری اسکولوں میں انگلش اور ہائی اسکولوں میں کیمسٹری سے آغاز کروں گا جب کہ انگلش اور کیمسٹری کے علاؤہ دیگرمضامین کی بھی تدریس کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر ہفتے کسی ایک اسکول میں بغیر پیشگی اطلاع پڑھانے جاؤں گا، اساتذہ کی عزت کرتا ہوں، استاد بن کر فخر محسوس کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے تعلیمی معیار کو جانچ کر تدریسی کمزوریاں دور کرنے میں مدد ملے گی۔