سعودی عرب کا جدید اقدام: غیرقانونی حجاج کو پکڑنے کےلیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
سعودی عرب نے غیرقانونی طریقے سے حج کرنے والوں کے خلاف جدت پسندانہ اقدام اٹھاتے ہوئے ڈرون ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا شروع کر دیا ہے۔
مکہ مکرمہ کی مقدس حدود میں اب جدید ڈرونز کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں روزانہ سیکڑوں غیرقانونی حجاج کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق یہ جدید نظام غیرقانونی حجاج کو پہچاننے اور انہیں روکنے میں انتہائی مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔ ڈرونز کی مدد سے نہ صرف مکہ کی گلیوں بلکہ پہاڑی راستوں پر بھی کڑی نگرانی کی جاسکتی ہے، جہاں سے غیرقانونی حجاج داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایک اور اہم پیشرفت میں، سعودی حکام نے مکہ مکرمہ میں جعلی حج پرمٹ فروخت کرنے والے انڈونیشیا کے 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفتیش کے دوران ان کے گھر سے مزید 14 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، جن میں سے کسی کے پاس بھی حج کا جائز پرمٹ موجود نہیں تھا۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے ترجمان نے بتایا کہ ’’یہ تمام اقدامات حجاج کرام کی سہولت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ غیرقانونی حجاج نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔‘‘
ماہرین کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال سعودی حکومت کی جانب سے حج کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سال غیرقانونی حجاج کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کا سہرا کسی حد تک اس جدید نظام کو بھی جاتا ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حج کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے صرف قانونی طریقہ کار ہی اپنائیں اور کسی بھی قسم کے غیرقانونی طریقے سے حج کرنے کی کوشش نہ کریں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
واٹس ایپ صارفین کےلیے تھریڈز ریپلائی فیچر کی آزمائش
انسٹنٹ میسیجنگ ایپ واٹس ایپ اپنے صارفین کےلیے ایک نیا فیچر آزما رہی ہے جو گروپ چیٹس میں گفتگو کو مزید منظم اور آسان بنا دے گا۔ اس فیچر کے تحت اب میسیجز کے جوابات الگ الگ دکھائی دینے کے بجائے تھریڈ کی صورت میں ایک ہی جگہ جمع ہوں گے۔
فی الحال واٹس ایپ پر کسی بھی میسج کا جواب الگ میسج کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے، جس کے باعث گروپ میں کئی لوگ ایک ہی میسج پر ردعمل دیں تو ساری گفتگو بکھری ہوئی نظر آتی ہے۔ لیکن نئے فیچر میں اگر کسی میسج پر دس افراد ریپلائی کریں گے تو تمام جوابات اصل میسج کے ساتھ ایک تھریڈ میں جُڑ جائیں گے۔ اس طرح کسی موضوع پر جاری گفتگو کو فالو کرنا زیادہ آسان ہوگا۔
اس سہولت کا سب سے زیادہ فائدہ بڑے گروپ چیٹس میں ہوگا، جہاں بیک وقت کئی لوگ بات کر رہے ہوں۔ اس کے ذریعے نئے شامل ہونے والے صارفین بھی کسی اہم موضوع پر ہونے والی بحث کو باآسانی سمجھ سکیں گے۔ ریپلائی تھریڈ کو کلک کرنے پر تمام جوابات کو ایک ساتھ پڑھا جا سکے گا۔
واٹس ایپ نے اس فیچر کو فی الحال محدود صارفین کے لیے دستیاب کیا ہے تاکہ اس کی آزمائش کی جا سکے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی اسے مزید صارفین تک پہنچایا جائے گا اور بعد ازاں عام صارفین کے لیے بھی متعارف کرا دیا جائے گا۔