کراچی: فائرنگ کے مختلف واقعات میں نوعمر لڑکی سمیت دو افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 25th, May 2025 GMT
کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوعمر لڑکی سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی کے علاقے تیسر ٹاؤن سیکٹر 50 اے دربار ہوٹل کے قریب گلی میں فائرنگ سے نوعمر لڑکی زخمی ہوگئی جسے چھیپا کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مضروبہ کی شناخت 12 سالہ بسمہ کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ گھر کے باہر لوٹ مار کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونے کا بتایا جا رہا ہے جبکہ سرجانی ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے مضروبہ کا والد بلال گھر کے باہر بیٹھا تھا کہ اس دوران ایک شخص کو دیکھ کر وہ گھر کی جانب بھگا تو ملزم نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گھر کے گیٹ پر کھڑی بسمہ ران پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئی جبکہ کوئی چھینا جھپٹی کی واردات نہیں ہوئی۔
تاہم، پولیس اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
دریں اثنا سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے جمالی گوٹھ گلی نمبر 7 میں فائرنگ سے سے 32 سالہ سلمان زخمی ہوگیا جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔
چھیپا حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے جبکہ مضروب کو کمر پر گولی لگی ہے جبکہ پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سی آئی اے ہیڈ کوارٹر پر فائرنگ کا واقعہ؛ شدید زخمی حالت میں خاتون گرفتار
سی آئی اے ہیڈکوارٹرز کے مرکزی دروازے پر سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق سی آئی اے کے صدر دفتر کے باہر ایک مشکوک کار کے نہ رکنے پر سیکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کردی۔
واقعہ صبح تقریباً 4 بجے پیش آیا خاتون کو زخمی حالت میں حراست لے لیا گیا۔ طبی امداد کی فراہمی کے بعد تفتیش کا عمل جاری ہے۔
پولیس نے خاتون کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
فائرنگ کی وجہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی تاہم عینی شاہد کا کہنا ہے کہ کار سوار خاتون نے مرکزی دروازے سے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔
سی آئی اے کے ترجمان نے بیان میں کہا: "ہیڈکوارٹرز کے باہر ایک سیکیورٹی واقعہ پیش آیا جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری ردعمل دیا۔ مرکزی دروازہ تاحکم ثانی بند ہے۔ مزید تفصیلات مناسب وقت پر فراہم کی جائیں گی۔"
ایف بی آئی واشنگٹن فیلڈ آفس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر بیان جاری کیا ہے کہ وہ اس واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں اور یہ واقعہ عوامی سلامتی کے لیے کوئی مسلسل خطرہ نہیں رکھتا۔
فوری طور پر اس واقعے کا بدھ کی رات واشنگٹن ڈی سی میں یہودی میوزیم پر فائرنگ میں اسرائیلی سفارت خانے کے دو ملازمین کے قتل سے کوئی تعلق سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کا ہیڈکوارٹر دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سے تقریباً نو میل دور ریاست ورجینیا کے علاقے لینگلی میں واقع ہے۔