سینیٹ کمیٹی میں نوک جھونک، ایمل ولی نے پشتون روایات کے تحت چیئرمین پی ٹی اے کا جرگہ قبول کر لیا
اشاعت کی تاریخ: 26th, May 2025 GMT
عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) کے صدر ایمل ولی خان نے پشتون روایات کے مطابق گزشتہ دنوں سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی میں ہونے والی نوک جھونک پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کا جرگہ قبول کرلیا۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان باچا خان مرکز پہنچے جہاں ایمل ولی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
ایمل ولی نے پشتون روایات کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے کا جرگہ قبول کر لیا۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ جو واقعہ پیش آیا، وہ غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا، اُس روز بھی معذرت کی تھی اور آج بھی گلہ دور کرنے آیا ہوں۔
ان کا کہنا تھاکہ ایمل ولی اور اُن کے خاندان کو نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔
اس موقع پر ایمل ولی کا کہنا تھاکہ باچا خان مرکز تمام مظلوموں اور پشتونوں کا گھر ہے یہاں جرگے ہوتے ہیں اور پشتون روایات کا پاس رکھتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کے جرگے کو قبول کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی اجلاس میں سینیٹر ایمل ولی خان اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین حفیظ الرحمان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔
چیئرمین پی ٹی اے نے سینیٹر ایمل ولی خان پرچرس کا سگریٹ پینے کا الزام لگاتے ہوئئ کہا تھا کہ مجھے بھی چرس کا سگریٹ دیں۔ اس پر ایمل ولی کا کہنا تھاکہ آپ کو تکلیف کیا ہے ؟ ایک سرکاری ملازم مجھے کیسے کہہ سکتا ہے کہ آپ چرس پی کر آئے ہو؟ ایک سرکاری افسرکایہ انداز بالکل قابل قبول نہیں، آپ کو یہ جرات کس نے دی ہے کہ ایسے بات کریں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: چیئرمین پی ٹی اے ایمل ولی
پڑھیں:
امید ہے عمران خان عید سے پہلے رہا ہوں گے، چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے کیس فکس ہو جائے گا اور بانی پی ٹی آئی عمران خان عید سے پہلے رہا ہوں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ورکرز اپنے جذبات قابو میں رکھیں، ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ ہم نے دھرنے اور احتجاج بھی کیے، ہم اسمبلی میں بھی بات کر رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ورکرز کے سوالات اٹھانا ٹھیک ہے، ورکرز کے جذبات کی قدر کرتے ہیں، کوئی بھی یہ تصور نہیں کر سکتا ہے عمران خان نے دو سال جیل میں کیوں گزارے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور اللہ سے مدد مانگتے ہیں، ہر مشکل میں اللہ سے مدد مانگتے ہیں اور اللہ راستہ نکالے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ دو سالوں سے ہمارے لوگ برداشت کرتے کرتے تھک گئے اور ججز بھی فیصلہ لکھتے لکھتے تھک گئے ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں بانی پی ٹی آئی کے کیسز لگیں اور میرٹ پر فیصلے ہوں۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ قائم مقام چیف جسٹس نے ہمارے بیرسٹر گوہر اور لطیف کھوسہ کو کمٹمنٹ کی تھی کہ رواں ہفتے عمران خان کی درخواستیں مقرر ہونی ہے، قائم مقام چیف جسٹس نے وعدہ کیا ہے کسی عام آدمی نے نہیں اور قائم مقام چیف جسٹس کے وعدے میں کوئی بات تو ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کسی کے لیے انصاف کے دروازے بند ہونے سے عدم استحکام ہوگا، سائل عدالت میں انصاف لینے آتے ہیں اور اگر سائل کو انصاف فراہم نہ کیا جائے تو یہ زیادتی ہے۔ ہم آئین اور قانون پر یقین رکھتے ہیں، ہم پریشر ڈالنے کے لیے آتے رہیں گے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی مرہون منت ہے، دونوں جماعتوں نے اپنی سیاست تباہ کر دی ہے، عمران خان کی رہائی ہوتے ہی ان دونوں کی حکومت ختم ہو جائے گی۔