لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنائے جانے پر مبارکباد کی قرارداد متفقہ طورپر منظورکر لی گئی ہے۔ اجلاس میں ایک بار پھر غنڈہ ایکٹ کیخلاف اراکین اسمبلی بول اٹھے، اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ غنڈہ گردی ایکٹ انگریز دور کو دوبارہ واپس لائے گا، کیسے ایک ڈی سی کسی کو غنڈہ قرار دے سکتا ہے۔ اجلاس میں 8 نجی یونیورسٹیوں کے بل کثرت رائے سے منظور، جبکہ دو نئی نجی یونیورسٹیوں کے بل پیش کئے گئے۔ اجلاس میں متعدد قراردادیں منظور ، 8 تحریک التوئے کار محکمہ کا جواب آنے تک ملتوی کر دی گئیں۔ منگل کے روز پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ سات منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ حزب اختلاف ہمیشہ کی طرح نعرے بازی کرتی ایوان میں داخل ہوئی اور سپیکر ڈائس کے قریب کھڑے ہوگئے، اپوزیشن ارکان نے ہاتھوں میں بینرز تھام رکھے تھے۔ ایوان میں بریگیڈئر مشتاق نے عظمی بخاری سے استفسار کیا کہ کیا نوازشریف نیشنل سکیورٹی کونسل کی کمیٹی کا حصہ تھے؟ یہ لمحہ بہ لمحہ بدلتی ضورتحال تھی کیا اس پراسس میں میاں نوازشریف براہ راست انوالو تھے۔ جواب میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ میں نے زیر نگرانی کا لفظ استعمال کیا تھا۔ اجلاس میں محکمہ ایمرجنسی 1122کے بارے میں سوالوں کے جوابات پارلیمانی سیکرٹری ضیاء  اللہ شاہ نے دئیے، حکومتی رکن امجد علی جاوید نے اعتراض کیا کہ ریسکیو ون ون ٹو ٹو میں محکمہ کے شاہی افسران نے کام کرنیوالے ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر ساٹھ سے کم کرکے پچاس کردی ہے، جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی سروسز میں کام کرنے والے پچاس سالہ ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن ضرور ملے گی۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے پارلیمانی سیکرٹری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ محکمہ خزانہ کو آگاہ کریں کہ ایمرجنسی سروسز کے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو تنخواہ دی جائے گی، اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر صوبائی مسئلہ ہے، اس پر ایک کمیٹی بنائی جانی چاہیے۔ کچے کے علاقوں میں ڈاکوئوں کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا، حکومت کو اس پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے، جس پر وزیرقانون صہیب احمد بھرت  نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ سکتے ،کچے کے علاقے میں ڈاکوئوں کا ایشو نہیں ہے۔ حکومت پنجاب کو ایک محفوظ پنجاب بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ رکن اسمبلی سردار محمد علی نے کہا کہ بلدیہ حسن ابدال کے پچیس سے زائد ریٹائرڈ ملازمین اپنے تین سالہ بقایا جات کے حصول کیلئے دربدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ سپیکر نے لوکل گورنمنٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی کو یہ معاملہ بھیج دیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی بزنس اس وقت تک اچھا کاروبار نہیں ہے جو ماحولیات کو تباہ و برباد کر رہا ہے۔ انوائرمنٹ کو متاثر کر رہی ہیں اس مسئلے کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دے رہا ہوں جو اس پر تجاویز دیں کہ اس مسئلے کو کیسے حل کیا جائے، پرائیویٹ ممبر ڈے کے موقع پر اسمبلی میں یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کلچر اینڈ ہیلتھ سائنسز گوجرانوالہ کا بل پیش کیا گیا، بل اسامہ فضل نے پیش کیا، ستارہ انٹرنیشنل یونیورسٹی بل دوہزار پچیس پیش کیا گیا جنہیں متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کردیا گیا۔ لاہور لیڈز  یونیورسٹی ترمیمی بل دو ہزار چوبیس، نیشنل کالج آف بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ اکنامکس لاہور ترمیمی بل، امپرئیل ٹیٹوریل کالج بل2025ء ،دی مکبر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی گجرات بل2025دی اپوہ یونیورسٹی فیصل آباد بل 2025ء  دی مسرت انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی بل 2025ء ،دی نیکسٹ انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ترمیمی بل 2025ء ،دی ٹائمز انسٹی ٹیوٹ ملتان ترمیمی بل 2025ئبل پنجاب اسمبلی نے منظور کر لئے، اپوزیشن رکن شیخ امتیاز نے یونیورسٹیوں کے بل پاس کرنے پر اعتراض  اٹھائے، ان کا کہنا تھا کہ دھڑا دھڑ یونیوسٹیوں کے بل پاس ہو رہے ہیں۔ اتنی کیا ایمرجنسی ہے کہ آٹھ یونیورسٹیوں کے بل شامل کیے گئے ہیں۔کیا کوئی سروے کیا گیا۔کیا رولز فالو کیے گئے ہیں۔ کیا ان علاقوں میں ضرورت ہے بھی یا نہیں۔ اجلاس میں مفاد عامہ سے متعلقہ 8 قرادادیں جواب آنے تک ملتوی کر دی گئیں۔ پنجاب اسمبلی میں بریسٹ کینسر کے مریضوں میں اضافہ سے متعلق  ایک قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی گئی، یہ قرارداد اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے پیش کی تھی۔  پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رکن وقاص محمود مان کی گندم پالیسی کے متعلق قرارداد پانچویں بار ملتوی کردی گئی، پنجاب اسمبلی میں پنجاب کنزیومر ترمیمی بل 2025 پیش کر دیا گیا، بل پارلیمانی سیکرٹری برائے پارلیمانی امور خالد رانجھا نے پیش کیا، پنجاب اسمبلی میں پنجاب صارف تحفظ (ترمیمی) بل 2025 پیش کیا گیا، اجلاس میں حکومتی رکن امجد علی جاوید کی تھیلیسمیا سے متعلق قرارداد متفقہ طورپر منظور کر لی گئی۔ حکومتی رکن سنبل مالک کی محکمہ محنت و انسانی وسائل بچوں کی مشقت کے متعلق قرارداد کثرت رائے سے منظور کی گئی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ محکمہ محنت و انسانی وسائل بچوں کی مشقت جیسے اہم معاملہ کو موثر انداز میں حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنائے جانے پر مبارک باد کی قرارداد متفقہ طورپر منظورکر لی گئی، قرارداد حکومتی رکن حکومتی رکن راجہ شوکت بھٹی نے پیش کی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ  حکومت صوبہ میں امن و امان قائم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے،آپ نے محکمہ کرائم کنٹرول تو بنا لیا لیکن ڈھائی لاکھ پولیس فورس کے باوجود چار ہزار لوگوں کو اختیار دیدیا گیا، حکومت کا دعویٰ ہے کہ جرائم میں کمی آئی ہے لیکن لاہور میں ایک دن میں 324وارداتیں اور دوسرے دن 370وارداتیں ہوئی ہیں، ہمیں تو پنجاب پولیس وحشی درندے کی طرح لگتے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ 2021ء  تا 2024ء کے دوران اسلحہ اور بارود غائب کیا گیا۔ اس دورانیے میں غائب ہونے والے اسلحے اور بارود کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔

.

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: قرارداد متفقہ طورپر منظور پارلیمانی سیکرٹری یونیورسٹیوں کے بل پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حکومتی رکن اجلاس میں نے پیش کی نے کہا کہ کیا گیا پیش کیا تھا کہ

پڑھیں:

یوم تکبیر آج بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائیگا، صدر، وزیراعظم، عسکری قیادت کی مبارکباد

لاہور؍ اسلام آباد؍ گوجرانوالہ  (خبر نگار+ لیڈی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں ) ملک بھر میں آج 28مئی یوم تکبیر  بھرپور جوش وخروش سے منایا جائے گا۔ حکومت  کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان  کیا گیا ہے۔ یومِ تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور ریلیاں بھی منعقد کی جائیں گی جن میں ایٹمی طاقت کے حصول میں کردار ادا کرنے والے قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ یومِ تکبیر پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کے مظہر کے طور پر منایا جاتا ہے، جب پاکستان نے 1998 ء میں چاغی کے پہاڑوں میں کامیابی سے ایٹمی دھماکے کیے اور دنیا کی 7ویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔  پنجاب حکومت نے یوم تکبیر پر سکولز کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا۔  پنجاب کے تمام سکولزکھلے رہیں گے۔ محکمہ سکولز ایجوکیشن نے تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ بھجوا دیا۔ مارننگ اسمبلی میں سپیشل پروگرامز، پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔28  مئی یوم تکبیر کی اہمیت پر تقریری مقابلے، آرٹس اور ملی نغموں کے مقابلوں کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضلعی سطح پر مقابلے جیتنے والوں کو 50 ہزار انعام دیا جائے گا۔ ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتیں یوم تکبیر کے سلسلہ میں 28 مئی کو بند رہیں گی۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم تکبیر پر  پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم یوم تکبیر کی 27 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ آج کے دن ہم نے اپنی جوہری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور تزویراتی دفاعی طاقت حاصل کی۔ ان سائنسدانوں، انجینئرز اور سول و فوجی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی محنت اور لگن سے یہ کامیابی ممکن ہوئی۔  ذوالفقار علی بھٹو  اور بے نظیرکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف  نے کہا کہ  اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے دل کی گہرائیوں سے پوری قوم، اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کو یوم تکبیر کی مبارک دیتا ہوں۔ آج پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور مسلمان ممالک میں پہلی ایٹمی قوت بنے 27 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ مئی 1998ء میں پوکھران میں بھارت نے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کی سلامتی، دفاع اور خودمختاری کے لئے چیلنج پیدا کردیا تھا۔ میرے قائد اور اس وقت کے وزیراعظم جناب محمد نوازشریف نے پوری قوم کی امنگوں اور قومی مفادات کی ترجمانی کی۔ اقتصادی پابندیوں، دباؤ، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے، 1998ء میں  آج کے دن، بھارت کے پانچ کے مقابلے میں چھ دھماکے کرکے پاکستان کو ایٹمی ملک بنادیا تھا اور جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنا دیا تھا۔ پاکستانی قوم، ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر نواز شریف تک جنہوں نے اس پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا انہیں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔ ذوالفقارعلی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں، انجینئرز، افواج پاکستان اور قومی اداروں سمیت اس پروگرام میں اپنا حصہ ڈالنے والے تمام معماروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے سکولز میں گرمیوں کی چھٹیاں شروع ہو گئی ہیں تاہم یوم تکبیر کے حوالے سے تقریبات کیلئے سکول 2 گھنٹے کیلئے کھلیں گے، متعلقہ سکول صبح ساڑھے 7 سے ساڑھے 9 بجے تک لگیں گے۔  پنجاب بھر کے سکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا آغاز ہو گیا۔اب تعلیمی ادارے 15اگست سے دوبارہ کھلیں گے۔آخری روزبچوں نے گلے مل کرایک دوسرے کوالودع کیا۔یوم تکبیر کے موقع پر مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے پاکستانی عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کیلئے مکمل تیار اور پْر عزم ہیں، یومِ تکبیر 1998  کے اْس عظیم لمحے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان جوہری طاقت کے طور پر اْبھرا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے جنوبی ایشیا  میں سٹریٹجک توازن بحال کیا اور اپنے دفاع کے حق کو منوایا، یہ تاریخی کارنامہ قوم کے عزم، باوقار و پْرامن وجود کے حصول کی مسلسل جدوجہد کا مظہر ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے کہا ہے پاکستان کی سٹریٹجک صلاحیت ایک قومی امانت ہے جو عوامی امنگوں کی عکاس ہے، دور اندیشن قیادت، سائنسدانوں اور انیجنئرز نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے یہ دن پاکستان کی اپنی خود مختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے، یومِ تکبیر ہمارے موثر اور کم از کم ڈیٹرنس کے نظریے کی توثیق کرتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق قابلِ اعتبار کم از کم ڈیٹرنس کا نظریہ خطے میں امن اور تزویراتی استحکام کے قیام پر مبنی ہے، پاکستان کی جوہری صلاحیت خالصتاً دفاعی نوعیت کی اور امن کی ضامن ہے۔

متعلقہ مضامین

  • قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کی جانب سے آپریشن بُنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی پر قرار داد منظور
  • قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی نے آپریشن بُنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی پر قرار داد منظور کرلی
  •  فیلڈ مارشل اور    افواج پر فخر ، بھارت کی دس نسلیں10 مئی کو یاد رکھیں گی: مریم اورنگزیب
  • اے ایف آئی سی سے کامیاب سرجری، عبداللہ اور منسا کے والد کا فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اظہارِ تشکر
  • منرلز ایکٹ پر عوام سے مشاورت کی جائے، گلگت بلتستان اسمبلی میں قرارداد منظور
  • فرانس میں مرنے کا قانونی حق منظور! 90 فیصد عوام کی حمایت حاصل
  • یوم تکبیر آج بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائیگا، صدر، وزیراعظم، عسکری قیادت کی مبارکباد
  • پنجاب اسمبلی: بریسٹ کینسر کے مریضوں کو علاج کی سہولتوں میں اضافے کی قرار داد منظور
  • کمیٹی کی منظوری کے بغیر ایک قانونی بل اسمبلی سے منظور کروالیا گیا: صاحبزادہ حامد رضا