مودی شکست خوردہ، ہماری فتح پر ترکیہ، آذربائیجان میں خوشیاں منائی گئیں: عطا تارڑ
اشاعت کی تاریخ: 29th, May 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹا ف رپو رٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی فتح کے بعد پاکستان کی بین الاقوامی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ آذربائیجان کے عوام نے اس کامیابی پر جشن منایا۔ یوم تکبیر ہماری قومی فتح کا دن ہے۔ دورہ آذربائیجان کے دوران میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی ہوئی جس پر پوری قوم شکر گزار ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس دورہ پر موجود ہیں۔ آذری اور ترک عوام نے ہماری فتح پر بہت خوشیاں منائیں۔ دونوں ممالک کے ساتھ ہمارے سٹرٹیجک تعلقات ہیں۔ اس سے پہلے ہم ترکیہ اور ایران گئے اور اب یہاں آذربائیجان میں موجود ہیں۔ آج آذربائیجان کا یوم جمہوریہ اور پاکستان کا یوم تکبیر ایک ساتھ منایا جا رہا ہے، یہاں ایک جشن کا سماں ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور عوام کا بھرپور حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستان کے حوالے سے یہاں بڑا جذبہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی متحرک سفارت کاری نے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر نئی شناخت دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معرکہ حق میں پاکستان حق و سچ پر تھا اور دنیا نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا۔ ہمارے مشرقی ہمسایہ ملک کا شکست خوردہ وزیراعظم اپنی خفت مٹانے کے لئے غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہا ہے لیکن دنیا پاکستان کو سراہ رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سفارتی کاوشوں کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کے تعلقات مستحکم ہو رہے ہیں جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے جلد وفود کی سطح پر مزید ملاقاتیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے خواہاں ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
تیزی سے بڑھتی آبادی ملک کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے تیزی سے بڑھتی آبادی کو ملک کے لیے چیلنج قرار دے دیا۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ملک میں بہبود آبادی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد از جلد بلانے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، آبادی پر قابو پانے کیلئے اقدامات اور بہبود آبادی کو قومی فریضہ سمجھا جانا چاہیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے، آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی اور معاشی استحکام سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، بہبود آبادی اقدامات سے متعلق صوبوں کے ساتھ روابط اور ہم آہنگی مزید بہتر بنائی جائے، بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے مؤثر عوامی آگہی مہم کا کلیدی کردار ہے۔